گورنمنٹ جامعہ ہائی سکول جہلم میں قومی پرچم کشائی اور رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد

جمعہ 14 اگست 2020 19:40

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2020ء) جشن یوم آزادی پاکستان کی73 سالہ تقریبات قومی جوش و جذبہ اور پر عزم طریقے سے منانے کے حوالہ سے گورنمنٹ جامعہ ہائی سکول جہلم میں قومی پرچم کشائی اور رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنرجہلم رائو پرویز اختر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ، ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور ایم پی اے صبرینہ جاویدنے کی۔

پروگرام کے مطابق صبح 8:58پر سائرن بجائے گئے ، 8:59 پر پولیس اور ریسکیو1122کے دستوں نے سبزہلالی پرچم کو سلامی پیش کی گئی مہمانان نے پاکستان کے پرچم کی پرچم کشائی کی۔ڈی ایف او جہلم کے زیر اہتام وہاں ڈی سی جہلم سمیت دیگر افسران نے شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے ۔اس موقع پر پاکستان کی تعمیرو ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئی۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نذارت علی، اے سی جہلم ذوالفقار احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، سی ای او ایجوکیشن محمد معاروف چوہدری،ڈی ایف او جہلم سدھیر مغل،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ڈاکٹر فیصل محمود، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر فاروق بنگش ،ماحولیات، سول ڈیفنس دیگرمختلف محکموں کے افسران،کارکنان پاکستان ، معززین شہر ، اساتذہ کرام،طلباء و طالبات اورسول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

بعد ازاں سکول کے مرکزی ہال میں ڈ پٹی کمشنراور ڈی پی او نے کہا کہ آج کے دن ہم ہر سال پاکستان کی آزادی کا دن مناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک ملک وقوم کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم رائو پریویز اخترنے کہاکہ 14اگست قیام پاکستان کا دن ہے اور قوم اسی جذبہ اور عزم کے ساتھ قائد اور اقبال کے خوابوں کے حصول کیلئے کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل ایک متوازن سوچ کے ساتھ پاکستان کی تعمیر کرے اورحقیقت پسندی کے ساتھ قائد کے فرامین کو مشعل راہ بنا ئے ۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہاکہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی امانت ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم قائد کے فرامین اور اقبال کے خیالات کی روشنی میں اپنے روشن مستقبل کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔

اسی طرح تحصیل سوہاوہ، دینہ اور پنڈ دادنخان میں مذکورہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں یوم آزادی پاکستان کے نام سے پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جہلم کے غیور عوام نے سرکاری سطح پر منعقدہ چاروں تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انتظامی اقدامات کو زبردست سراہا۔