ْعالمی برادری بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بین الپارلیمانی یونینکی صدر گیبریلا کوئیوس بیرن سے ملاقات میں گفتگو

پیر 24 اگست 2020 16:44

ْعالمی برادری بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2020ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں جس میں ہندوستانی حکومت نے بدترین لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے اور بے گناہ لوگوں کو انسانی حقوق کی پامالی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایوان صدر میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی صدر محترمہ گیبریلا کوئیوس بیرن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر دہشت گردی کا راج مسلط کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی پی یو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

صدر نے دورے پر آنے والے معززین کو حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی سے بھی آگاہ کیا جس کی وجہ سے کووڈ۔19 وبا کے چیلنج پر قابو پایا گیا۔ گیبریلا کیووس بیرن نے کہا کہ ان کا ملک باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی تعلقات کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کے لئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی پی یو کے صدر کا دورہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور آئی پی یو کے ممبر پارلیمان کے مابین پارلیمانی تعلقات مستحکم کرنے میں معاون ہوگا۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ ، محمد صادق سنجرانی ، اور سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے بھی شرکت کی۔