جولائی 2020ء کے دوران نیٹ ویئرز کی برآمدات میں20.42 فیصد اضافہ

ہفتہ ستمبر 10:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2020ء) جولائی 2020ء کے دوران نیٹ ویئرز کی برآمدات میں20.42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان( پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق اس دوران برآمدات سے 31 کروڑ 57 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ جولائی2019ء کے دوران برآمدات کا حجم 26کروڑ21 لاکھ59 ہزار ڈالر رہا تھا۔ اس طرح جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران نیٹ ویئرز کی ملکی برآمدات میں 20.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کے مطابق بیڈ ویئرز کی برآمدات 25.30 فیصد اضافہ سے 19کروڑ40 لاکھ89 ہزار ڈالرکے مقابلہ میں 24 کروڑ31 لاکھ96 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اسی طرح تولیہ کی برآمدات بھی 6کروڑ41 لاکھ4 ہزار ڈالرکے مقابلہ میں7کروڑ78 لاکھ23 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔ مزید برآں جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران خیموں، ترپالوں اور کینوس کی برآمدات بھی 155.86 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 46 لاکھ 92 ہزار ڈالرکے مقابلہ میں ایک کروڑ20 لاکھ5 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔