Live Updates

ایس ای سی پی کا اپریل 2026 میں ریکارڈ 4,082 نئی کمپنیوں کا اندراج

جمعرات 7 مئی 2026 22:47

ایس ای سی پی کا اپریل 2026 میں ریکارڈ 4,082 نئی کمپنیوں کا اندراج
ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ رجسٹریشن کے شعبے میں ایک تاریخی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپریل 2026 کے مہینے میں ریکارڈ 4,082 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئی ہیں،یہ پاکستان کی کارپوریٹ تاریخ میں کسی بھی ایک ماہ کے دوران ہونے والی رجسٹریشن کی اب سے بلند ترین سطح ہے۔

اس سنگ میل کے عبور ہونے سے پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد اب 294,101 تک پہنچ گئی ہے۔ ایس ای سی پی نے اسی مدت کے دوران روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کے بھی نئے ریکارڈ قائم کیے، جہاں 27 اپریل 2026 کو ایک ہی دن میں 300 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ اس کے چند ہی دن بعد 30 اپریل کو 340 کمپنیوں کے اندراج کے ساتھ یہ ریکارڈ بھی پیچھے رہ گیا،یہ غیر معمولی کامیابی پاکستان کے معاشی منظر نامے پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور معیشت کے باضابطہ اور دستاویزی ڈھانچے کی طرف تیزی سے منتقلی کا واضح اشارہ ہے،یہ کامیابی کمیشن کی آپریشنل کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کی صلاحیت میں ہونے والی انقلابی بہتری کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن ریگولیٹری عمل کو مزید سہل بنانے، کاروبار کے آغاز میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ملک بھر میں سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے ایک شفاف اور ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے اپنے عزم پر سختی سے قائم ہے۔اعلامیہ کے مطابق جغرافیائی لحاظ سے پنجاب کاروباری سرگرمیوں کا مرکز رہا جہاں 2,093 یعنی 51 فیصد نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔ اس کے بعد اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں 719 یعنی 18 فیصد، سندھ میں 600 یعنی 15 فیصد، خیبر پختونخوا میں 325 یعنی 8 فیصد، گلگت بلتستان میں 276 یعنی 7 فیصد اور بلوچستان میں 69 یعنی 2 فیصد رجسٹریشنز ریکارڈ کی گئیں۔

معیشت کو دستاویزی شکل دینے کا رجحان کارپوریٹ ڈھانچے کے انتخاب سے بھی واضح ہے، جہاں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں سب سے زیادہ پسندیدہ انتخاب رہیں جن کا تناسب 2,415 رجسٹریشنز یعنی 59 فیصد رہا۔ ان کے بعد سنگل ممبر کمپنیوں کا نمبر رہا جن کی تعداد 1,542 یعنی 38 فیصد رہی، جبکہ لمیٹڈ لائبلٹی پارٹنرشپس اور دیگر کیٹیگریز میں بقیہ 3 فیصد اندراج ہوا۔

سنگل ممبر کمپنیوں کا بلند تناسب خاص طور پر ملک میں انفرادی سطح پر کاروبار کے ابھرتے ہوئے رجحان اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار کے کامیاب اندراج کو ظاہر کرتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کا شعبہ کارپوریٹ ترقی کے بنیادی انجن کے طور پر کام کر رہا ہے، جس نے 832 نئی رجسٹریشنز کے ساتھ ماہانہ فہرست میں برتری حاصل کی۔

پاکستان کے کارپوریٹ منظر نامے میں تنوع کا اندازہ دیگر کلیدی صنعتوں کی بہترین کارکردگی سے بھی لگایا جا سکتا ہے، جن میں ٹریڈنگ کی 757 کمپنیاں، سروسز کی 490، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور کنسٹرکشن کی 358، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کی 242، خوراک اور مشروبات کی 158، تعلیم کی 127، ٹیکسٹائل کی 105، کارپوریٹ زرعی فارمنگ کی 97، اور کان کنی کی 92 کمپنیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دیگر مختلف شعبوں میں 824 نئی کمپنیوں کا اندراج معیشت کے تمام حصوں میں ہمہ جہت پھیلاؤ کی عکاسی کرتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے ریگولیٹری ماحول پر بین الاقوامی اعتماد اپریل 2026 میں ایک نئی سطح پر پہنچ گیا، جہاں 22 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کی شرکت ریکارڈ کی گئی۔ چین 95 شیئر ہولڈرز کے ساتھ سرفہرست غیر ملکی سرمایہ کار بن کر ابھرا، جس کے بعد امریکہ سے 11، برطانیہ سے 5 اور افغانستان سے 4 شیئر ہولڈرز شامل رہے۔

اس عالمی دلچسپی کے نتیجے میں ملک میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ آیا، جہاں مجموعی ادا شدہ سرمایہ (پیڈ اپ کیپیٹل) نمایاں بلندیوں تک پہنچ گیا۔ اس میں چینی سرمایہ کاری کا حصہ 193 ملین روپے سے زائد رہا جبکہ امریکی سرمایہ کاری 75 ملین روپے ریکارڈ کی گئی۔
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات