فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے فرانس میں شروع ہوگا، تیاریاں عروج پر

جمعہ 11 ستمبر 2020 17:02

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے فرانس میں شروع ہوگا، تیاریاں عروج ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 124 واں ایڈیشن 27 ستمبر سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوگا۔ یہ رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام ایونٹ ہوگا جو فرانس کے مشہور شہر پیرس میں سٹیڈ رولینڈ گراس میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔

فرنچ اوپن ٹینس فیڈریشن کے مطابق اس سے قبل گرینڈ سلام ٹورنامنٹ 24 مئی سی7 جون تک فرانس میں شیڈول تھا جو کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب طے شدہ تاریخوں میں کرانا ممکن نہیں تھا۔ اسی لئے اس ٹورنامنٹ کو ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوںگے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں جونیئر اور وہیل چیئر مقابلے بھی شیڈول ہیں۔ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال مردوں کے سنگلز مقابلوں کے اور آسٹریلوی ٹینس سٹار ایشلی بارٹی خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دفاعی چیمپئن ہیں لیکن ایشلی بارٹی کووڈ۔ 19 کی وبا کے پھیلائو کے خدشات کے باعث اپنے اعزاز کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال بارہ مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ میگا ایونٹ 27 ستمبر سے شروع ہوکر 11 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔