پی سی بی نے ملک بھر میں مینز ریجنل ایج گروپ ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 22:27

پی سی بی نے ملک بھر میں مینز ریجنل ایج گروپ ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں مینز ریجنل ایج گروپ ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ انڈر 15، انڈر 17 اور ڈسٹرکٹ انڈر 19 کی سطح پر ہونے والے یہ ٹرائلز 20 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک ملک کے 105 ڈسٹرکٹس اور زونز میں منعقد ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق ہر ضلع سے انڈر 15 اور انڈر 17 کھلاڑیوں کے ابتدائی ٹرائلز کے بعد منتخب کھلاڑیوں کا فائنل سکواڈ ریجنل ہیڈکوارٹرز میں تشکیل دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح انڈر 19 کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد ضلعی ٹیمیں بنائی جائیں گی جو مستقبل میں ریجنل مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایج گروپ ٹرائلز میں پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے تحت تربیت یافتہ بچوں کو بھی ترجیح دی جائے گی تاکہ نچلی سطح سے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح تک رسائی دی جا سکے۔ پی سی بی کے مطابق ان ایج گروپ ٹرائلز کا مقصد ملک بھر سے نیا ٹیلنٹ دریافت کرنا اور کرکٹ کے مستقبل کے ستاروں کو پہچان کر قومی ڈھانچے میں شامل کرنا ہے۔