پاکستان اپنی سرحد کے اندر اور باہر تشدد کی ثقا فت کو فروغ دے رہا ہے ،بھارت

ہمسایہ ملک دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے ،پاولمی تریپاتھی

جمعہ 11 ستمبر 2020 19:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2020ء) بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشتگردوں کی معاونت اور انھیں محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک اپنی سرحد کے اندر اور باہر تشدد کی ثقا فت کو فروغ دے رہا ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کی مستقل مندوب پاولمی تریپاتھی نے جنرل اسمبلی امن کا کلچر بارے ایک اعلی سطحی فورم سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ پاکستان کا انسانی حقوق کا ناقص ریکارڈ اور مذہبی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک عالمی برادری کے لئے مستقل تشویش کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم بھارت کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے لئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فائدہ کے لئے پاکستان کے وفد کی ایک اور کوشش کے عینی شاہد ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وفد کی جانب سے امن کی ثقافت کی بات کرنا ملک کے اپنے شرمناک ریکارڈ سے توجہ ہٹانے کے لئے ایک طعنے کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو کتنا تحفظ حاصل ہے یہ سب کو بہتر معلوم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کا اغواہ اور انکا ریپ عام سی بات ہے ۔ بلکہ حالت یہ ہے کہ موٹر وے پر خاتون کا ریپ کر لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کے حقوق انسانی کے ریکارڈ پر بات کرنے سے قبل پہلے اپنے ملک کے سسٹم کی بہتری پر توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک نہ صرف دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے بلکہ سرحد پار دہشتگر دی کے فروغ کا بھی باعث ہے ۔