ٹیکنیکل ہینڈ نوجوانوں کو صنعتی اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی تیاری کاآغاز کردیاگیا، چیئر مین ٹیوٹا

پیر 14 ستمبر 2020 13:17

ٹیکنیکل ہینڈ نوجوانوں کو صنعتی اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2020ء) ٹیوٹا کے چیئر مین علی عثمان نے کہا ہے کہ صنعتی اداروں کی اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی تیاری کاآغاز کردیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدائت کی ہے کہ اگلے ماہ کے دوران فہرستوں کی تیاری مکمل کرکے اس کی مفصل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ہنر مند افرادی قوت اور فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ملازمتوں و روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ قبل ازیں ٹیوٹا کے پاس فیصل آباد ریجن کی 2500 سے زائد فیکٹریوں کا ڈیٹا موجود ہے جن میں ٹیکسٹائل مشینری ،ٹیکسٹائل پراسیسنگ ، ٹیکسٹائل گارمنٹس ، ڈائینگ ، ویونگ ، سپننگ ملز ، سرجیکل کاٹن ،شوگر ملز ،سٹارچ پراڈکٹس ، سائزنگ فیکٹریز، پاور لومز فیکٹریز ،زرعی آلات تیارکرنے والی انڈسٹریز ، آٹوپارٹس یونٹس ، بیکرز اینڈ کنفیکشنرز،سوڈیم سلیکیٹس ، ویجیٹیبل گھی اور کوکنگ آئل ملز سمیت بعض دیگر صنعتی یونٹس شامل ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ ٹیوٹا اپنے تمام فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو روزگارکی فراہمی کیلئے اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی روشنی میں متعلقہ صنعتی اداروں سے رابطے کرے گااور اپنے فارغ التحصیل ہنر مند نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا ۔