ڈی پی او ایبٹ آباد کی تھانہ کینٹ میں کھلی کچہری، عوام کے مسائل سننے کے بعد موقع پر احکامات جاری کئے

بدھ 16 ستمبر 2020 14:24

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد یاسر خان آفریدی نے تھانہ کینٹ میں کھلی کچہری کے دوران عوام کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کئے۔ ایبٹ آباد پولیس کی عوامی رابطہ مہم کے پہلے مرحلہ میں ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد یاسر خان آفریدی نے عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے اور عوام کے مسائل براہ راست سننے کیلئے تھانہ کینٹ میں سرکل کینٹ کی عوام کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز و ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل اویس شفیق، ایس ایس پی ٹریفک وارڈن طارق محمود خان، ایس پی شعبہ تفتیش محمد اشتیاق، ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او سٹی، کینٹ و شیروان کے ساتھ ساتھ معززین علاقہ، علماء کرام کے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد یاسر آفریدی نے کہا کہ عوام امن کی خاطر علاقہ کی پولیس کا ساتھ دیں، تھانہ امن کی جگہ ہے، یہ آپ کا گھر ہے، یہ پولیس آپ کی اپنی ہے، آپ کے علاقہ کو پرامن رکھنے کیلئے یہ سب گھروں سے دور آپ کی خدمت میں مصروف ہے، پولیس کا ساتھ دیں اور ان کے دست و بازو بن جائیں، آپ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں، پولیس ان کے خلاف کاروائی کرے گی، خاص طور پر منشیات فروشوں اور ان میں بھی آئس فروش جو ہمارے آنے والی نسلوں کے قاتل ہیں، ہمارے جوانوں کی رگوں میں زہر گھول رہے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی، یہ ایک پرامن علاقہ ہے اور اسے پرامن رکھنا جتنا فرض پولیس کا ہے اتنا ہی آپ کا بھی ہے، اگر کوئی پولیس افسر آپ کا جائز کام نہیں کرتا تو اسے وہ اسے اپنا دشمن سمجھیں گے، پولیس کا مطلب ہی خدمت ہے اور یہ خدمت ہم جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں منعقد کرنے سے لوگوں کو تحفظ کا احساس ہوتا ہے اور لوگ محسوس کرتے ہیں کہ کوئی ہے جو ہمارے مسائل سمجھتا ہے اور وہ حل بھی ہوتے ہیں، کھلی کچہری منعقد کرنے سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں، عوام آزادی سے اپنی شکایات بیان کر سکتے ہیں۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندانی دشمنیوں اور چھوٹے موٹے لڑائی جھگڑوں کے خاتمہ کیلئے آپس میں بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کیلئے عوام کو ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہئے، علاقائی سطح پر مسائل مل بیٹھ کر پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ حل کرنے کی کوشش کریں، پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران محکمہ پولیس کی آنکھ اور کان ہیں، آپ پولیس فورس کی طاقت کے طور پر کام کریں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوز سے شئیر کریں، اپنے علاقہ میں مشکوک افراد پر نظر رکھیں، ایبٹ آباد کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔