دُبئی میں غیر ملکی کو اماراتی پولیس اہلکاروں کی رنگت کا مذاق اُڑانے پر گرفتار کر لیا گیا

31سالہ چینی ملزم نے پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیں کہ وہ بہت بااثر ہے، انہیں عبرتناک سبق سکھائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 ستمبر 2020 17:02

دُبئی میں غیر ملکی کو اماراتی پولیس اہلکاروں کی رنگت کا مذاق اُڑانے ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 ستمبر2020ء) دُبئی پولیس نے ایک چینی باشندے کو اماراتی پولیس اہلکاروں کی رنگت کا مذاق اُڑانے پر گرفتارکر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے دو اہلکار اُم رمول کے علاقے میں واقع ایک گودام کی تلاشی لینے گئے تھے، جہاں موجود 31 سالہ چینی نے ان کی سانولی رنگ پر طنز کیا اور کئی توہین آمیز فقرے بھی ادا کیے۔ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ وہ ایک گودام کے باہر موجود تھے، جہاں چینی ملزم ایک اور شخص کے ساتھ کار میں بیٹھا تھا۔

ہم نے اسے اپنا محکمانہ کارڈ دکھا کر اس سے گودام کے مالک کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ وہ ان دنوں امارات سے باہر ہے۔ ہم نے اسے پوچھا کہ اس کا مالک سے کیا تعلق ہے تو اس نے کوئی جواب نہ دیا۔ شک پڑنے پر ہم نے اسے اپنے ساتھ پولیس ہیڈ کوارٹر چلنے کو کہا تو چینی باشندہ بپھر گیا، اُونچی اُونچی آواز میں چیخنے چلانے کے علاوہ اس نے میرے ساتھی اہلکار کی رنگت کے بارے میں انتہائی شرمناک کلمات کہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اس کی بیہودہ گفتگو پر روکنا چاہا تو وہ دھمکیاں دینے پر اُتر آیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کے پولیس کے سینئرافسران کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، وہ بہت اثر رسوخ والا ہے، ہمیں ایسا سبق سکھائے گا کہ کبھی نہیں بھولیں گے۔ پولیس اہلکاروں نے ملزم کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور نسل پرستانہ فقرے بازی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا ہے، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔ملزم کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت 29 ستمبر 2020ء کو ہو گی۔ 

متعلقہ عنوان :