جعلی ہاسنگ سوسائٹیوں کیخلاف تحقیقات کو منطقی انجام ،مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں‘ جاوید اقبال

نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے،بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز تحقیقات پر یقین رکھتے ہیں‘ چیئرمین چیئرمین نیب کالاہور ہیڈ کوارٹر کا دورہ ،ڈی جی نے افسران کے ہمراہ میگا کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ دی

بدھ 16 ستمبر 2020 17:16

جعلی ہاسنگ سوسائٹیوں کیخلاف تحقیقات کو منطقی انجام ،مفرور و اشتہاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کے کروڑوں، اربوں روپے لوٹنے والی جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اورمفرور و اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات بروئے کار لائے جائیں،نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے،نیب بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز تحقیقات پر یقین رکھتا ہے،نیب افسران کا کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے تعلق ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے کمائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ چیئر مین نیب کو نیب لاہور کی کارکردگی خصوصاً میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونے والی تحقیقات میں اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب کو محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران و اہلکاران کیخلاف نجی ہوٹل کو شراب لائسنس کے اجرا ء کی تحقیقات میں ہونیوالی پیشرفت، سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور اہل خانہ کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے ریفرنس، نورالامین مینگل و سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف لاہور ماسٹر پلان میں مبینہ تبدیلی کے کیس میں پیشرفت، سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس اور صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کیخلاف جاری انویسٹی گیشن میں ہونے والی پیشرفت پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام کیسز کی تحقیقات کو میرٹ کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز تحقیقات پر یقین رکھتا ہے۔نیب افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔

نیب افسران تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔چیئر مین نیب نے ہدایت کی کہ عوام کے کروڑوں، اربوں روپے لوٹنے والی جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اورمفرور و اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔چیئر مین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور کا اہم کردار ہے۔