سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کی اہلیہ کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے کا انکشاف

خاتون 5 بچوں کی ماں ہے، پہلے شوہر سے 4 بچے جبکہ عابد علی سے صرف ایک بیٹی ہے، خاتون کو مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 16 ستمبر 2020 22:26

سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کی اہلیہ کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے ..
مانگا منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کی اہلیہ کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے کا انکشاف، خاتون 5 بچوں کی ماں ہے، پہلے شوہر سے 4 بچے جبکہ عابد علی سے صرف ایک بیٹی ہے، خاتون کو مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم عابد علی کی اہلیہ بشریٰ کو مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد عابد علی کی اہلیہ کے حوالے سے کچھ انکشافات سامنے آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار خاتون بشریٰ نے ملزم عابد علی سے دوسری شادی کی تھی۔ خاتون نے اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد عابد علی سے شادی کی جس سے ان کی ایک بیٹی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے شوہر سے خاتون کے 4 بچے بھی ہیں۔

خاتون کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ روز قبل پولیس نے جب قلعہ ستار شاہ میں عابد علی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، تو بشریٰ اپنے شوہر کیساتھ فرار ہوگئی تھی۔ عابد علی اور اس کی بیوی اپنی بیٹی کو اکیلے چھوڑ کر فرار ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی بیٹی کو تحویل میں لے لیا تھا۔ اب پولیس کا بتانا ہے کہ سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کی جا رہی ہے۔

عابد علی کو ٹریس کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ جبکہ سانحہ گجر پورہ میں ملوث دیگر دو ملزمان شفقت اور اقبال کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا۔ زیادتی کا نشانہ بننے والی متاثر خاتون گزشتہ روز ملزم شفقت کی پہچان بھی کر چکی۔ خاتون نے ملزم شفقت کی جانب سے دوران تفتیش دیے گئے اعترافی بیان میں بیان کردہ تفصیلات کی تصدیق بھی کی ہے۔