سانحہ گجر پورہ، متاثرہ خاتون ملزمان کی شناخت پریڈ کرنے کے لیے راضی ہوگئی

خاتون نے گزشتہ روز تصاویر دیکھ کر ملزمان عابد اور شفقت کی شناخت کی تھی، جبکہ ملزم کے اعترافی بیان کی تصدیق بھی کر چکی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 ستمبر 2020 23:51

سانحہ گجر پورہ، متاثرہ خاتون ملزمان کی شناخت پریڈ کرنے کے لیے راضی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) سانحہ گجر پورہ، متاثرہ خاتون ملزمان کی شناخت پریڈ کرنے کے لیے راضی ہوگئی، خاتون نے گزشتہ روز ملزمان عابد اور شفقت کی پہچان بھی کر لی تھی، جبکہ ملزم کے اعترافی بیان کی تصدیق بھی کر چکی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے سلسلے میں متاثرہ خاتون نے ملزمان کی شناخت پریڈ کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون عدالتی کاروائی کے دوران پیش ہونے کیلئے راضی نہیں تھی۔ گزشتہ روز ملزم شفقت کو جب عدالت پیش کیا گیا تو خاتون ملزم کی شناخت کیلئے عدالت نہیں آئی۔ بعد ازاں خاتون نے تصاویر دیکھ کر ملزمان عابد اور شفقت کی شناخت کی۔ جبکہ ملزم شفقت کی جانب سے دیے گئے بیان میں فراہم کردہ تفصیلات کی تصدیق بھی کی۔

(جاری ہے)

اب بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون ملزمان کی باقاعدہ شناخت پریڈ کرنے کیلئے راضی ہوگئی ہے۔

کیس کی تفتیش کے حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں کئی افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے کچھ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ رہا کیے گئے افراد کو کیس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا، اسی لیے انہیں رہا کیا گیا۔ جبکہ کیس کے مشتبہ ملزم وقار الحسن کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کی رہائی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

پولیس کا مزید بتانا ہے کہ مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم عابد کی اہلیہ بشریٰ کو مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بشریٰ سے تحقیقات کی جا رہی ہیں امکان ہے اس سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر عابد تک پہنچ جائیں گے۔ ملزم عابد کا شناختی کارڈ بھی بلاک کیا جا چکا۔ شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ملزم بیرون ملک فرار نہیں ہوسکے گا۔

متعلقہ عنوان :