مذہبی جماعت کا احتجاج؛ منتظمین کی نشاندہی کرلی گئی، فہرستیں تیار، گرفتاریاں شروع

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وارنٹس تیار کرلیے گئے، کسی بھی وقت کریک ڈاؤن متوقع ہے، بڑے شہروں میں چھاپوں کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 15:06

مذہبی جماعت کا احتجاج؛ منتظمین کی نشاندہی کرلی گئی، فہرستیں تیار، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء ) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مذہبی جماعت کے احتجاج کے منتظمین کی نشاندہی کرلی، فہرستیں تیار کرنے کے بعد سی سی ٹی وی و جیوفینسنگ سے گرفتاریاں شروع کردی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق مذہبی جماعت تحریک لبیک کے ملک گیر نیٹ ورک اور کمانڈ پوائنٹس کی نشاندہی مکمل ہوچکی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل ڈیٹا بھی فراہم کردیا گیا ہے، جیو فینسنگ سے مرکزی کردار سامنے آئے جب کہ کال ڈیٹا ریکارڈ سے ماسٹر مائنڈز کی شناخت ہوئی، فنانسرز اور سہولت کاروں کو علیحدہ کرلیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وارنٹس تیار کر لیے گئے اور کسی بھی وقت کریک ڈاؤن متوقع ہے، بڑے شہروں میں چھاپوں کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ املاک جلانے والوں کی ویڈیوز اور چہرے شناخت ہوگئے، فیشل ریکگنیشن سے تمام کردار بے نقاب ہوئے، مشتبہ فنڈنگ کی مکمل چھان بین جاری ہے، بینکاری ریکارڈ محفوظ ہے اور خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں، امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی، لاہور سے مریدکے تک مذہبی جماعت کے پرتشدد احتجاج میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے جیوفینسنگ اور سی سی ٹی وی کی مدد لی جائے گی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقدمات میں اب تک 253 افراد کو گرفتار کیے جاچکے ہیں جب کہ مزید گرفتاریوں کے لیے جیوفینسنگ اور سی سی ٹی وی کی مدد لے رہے ہیں، توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے موبائل فارنزک جاری ہے، گرفتار ملزمان کے واٹس ایپ گروپس میں شامل افراد کی شناخت کا عمل بھی چل رہا ہے، ان عناصر کے خلاف درج مقدمات میں دہشتگردی، اقدام قتل، ڈکیتی سمیت پولیس مقابلے کی دفعات شامل ہیں۔