سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کیس کی سماعت، مزید کارروائی جمعرات تک ملتوی

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:12

سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کیس کی سماعت، مزید کارروائی جمعرات تک ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی ۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق دائر درخواستوں پربدھ کو سماعت کی۔دوران سماعت مختلف ٹیکس دہندہ کمپنیوں کے وکیل فروغ نسیم نے تفصیلی دلائل پیش کیے۔فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ سپر ٹیکس صرف سیکشن 6 بی (اے) کے تحت ہی عائد کیا جا سکتا ہےجب کہ اس حوالے سے انکم ٹیکس قوانین میں واضح شقیں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نافذ کرنے کے لیے متعلقہ شیڈول کا ہونا ضروری ہے، بغیر شیڈول کے کوئی ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا۔سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ جب چارجز سیکشن کے تحت ٹیکس لیا جا سکتا ہے تو پھر کیا مسئلہ ہے؟ اس پر فروغ نسیم نے کہا کہ چارجز سیکشنز اور انشورنس کمپنیوں سے متعلق کئی عدالتی فیصلے موجود ہیں اور انشورنس کمپنی پر کتنا ٹیکس عائد ہوگااس حوالے سے بھی قانون میں شق موجود ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ یہاں تو لوگ انکم ٹیکس نہیں دیتے، سپر ٹیکس کیسے دیں گے؟ بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات 16اکتوبرصبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دی۔