پاک فوج نے بلوچستان کے علاقے سپن بولدک میں 4مقامات پر افغان طالبان کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنادیا،آئی ایس پی آر

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:38

پاک فوج نے بلوچستان کے علاقے سپن بولدک میں 4مقامات پر افغان طالبان کے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاک فوج نے بلوچستان کے علاقے سپن بولدک میں 4مقامات پر افغان طالبان کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنادیا، 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں،کرم سیکٹر میں بھی افغان پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے جوانوں کے موثر لیکن متناسب جواب میں 6 ٹینکوں سمیت8چوکیاں تباہ ہو گئیں،25 سے 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجوجہنم واصل ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

بدھ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق 15 اکتوبرکی صبح سویرے افغان طالبان نے بلوچستان کے علاقے سپن بولدک میں چار مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا۔ پاکستانی فورسز نے حملہ کو موثر انداز میں ناکام بنا دیا۔ بدقسمتی سے یہ حملہ علاقے کے منقسم دیہاتوں کے ذریعے کیا گیاجس میں شہری آبادی کا بھی خیال نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

افغان طالبان نے پاک افغان دوستی گیٹ کو بھی اپنی طرف سے تباہ کر دیا جو کہ منقسم قبائل کے باہمی تجارت اور آسانی کے حقوق کے حوالے سے ان کی ناپختہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

حملے کو پسپا کر دیا گیا جس میں 15سے 20 افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ علاقے کی صورتحال اب بھی کشیدہ اور غیر یقینی بتائی جا رہی ہے،فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے اسٹیجنگ پوائنٹس میں مزید اضافے کی اطلاعات ہیں۔ سپن بولدک میں حملہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔ 14/15 اکتوبر کی رات، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے خیبر پختونخواکے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، ان حملوں کو موثر طریقے سے پسپا کیا گیا جس سے افغان پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا۔

پاکستانی فوجیوں کے موثر لیکن متناسب جواب میں6ٹینکوں سمیت 8 چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ 25 سے 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجوؤں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ یہ تاثرکہ حملے کا آغاز پاکستان کی طرف سے کیا گیا سراسر جھوٹ اور بے بنیاد دعویٰ ہے، بالکل اسی طرح جیسے پاکستانی پوسٹوں یا آلات پر قبضہ کرنے کے دعوے ہیں۔ طالبان حکومت کے پروپیگنڈے کو بنیادی حقائق کی جانچ پڑتال کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم اور پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔