ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا 74ویں برسی پر شہیدِ ملت لیاقت علی خان کو پیغام خراجِ عقیدت و سلامِ تحسین

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:29

ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا 74ویں برسی پر شہیدِ ملت لیاقت علی خان کو پیغام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی 74ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ لیاقت علی خان نے تحریکِ پاکستان کی کامیابی اور ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی، ان کی استقامت، خلوصِ نیت اور اصول پسندی نے پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہیدِ ملت کا کردار دیانت، قربانی اور قومی یکجہتی کا استعارہ ہے، جنہوں نے قوم کو اتحاد و اتفاق اور ایمانداری کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ لیاقت علی خان کے افکار و تعلیمات کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک و ملت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہیدِ ملت کے خواب کو تعبیر دی جا سکے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان شہیدِ ملت کے نظریے پر عمل پیرا رہتے ہوئے ایک مستحکم، ترقی یافتہ اور باوقار پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔