سوپاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں رجسٹر، فِن ٹیک، ای کامرس، اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جدید تکنیکی حل فراہم کریں گی

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:12

سوپاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں   رجسٹر،  فِن ٹیک، ای کامرس، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان نے سعودی عرب میں تجارت اور سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے 100 سے زائد پاکستانی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمپنیوں کو مملکت میں باقاعدہ طور پر رجسٹر کرا لیا ہے، یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے جس میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدت، اور ویلیو ایڈڈ کاروباری تعاون پر خصوصی زور دیا گیا ہے ۔

ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی کاروباری نیٹ ورکس میں شامل ہو چکی ہیں تاکہ فِن ٹیک، ای کامرس، اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جدید تکنیکی حل فراہم کئے جا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی سعودی آئی ٹی ماہرین اور پاکستانی ٹیکنالوجی سپلائرز پر مشتمل ایک پروفیشنل نیٹ ورک تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ طویل المدتی تعاون اور مشترکہ منصوبہ بندی کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیکشن نے اپنی توجہ معدنیات، ماربل اور تعمیراتی میٹریل کے فروغ پر مرکوز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ہمالیائی نمک، آرائشی پتھروں اور تعمیراتی سامان پر متعدد ویبنارز اور بزنس ٹو بزنس (بی2 بی)ملاقاتیں منعقد کی گئیں تاکہ ان شعبوں میں پاکستان کی برآمدی استعداد کو اجاگر کیا جا سکے۔رواں سال لاہور میں منعقدہ ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو (HEMS) میں 12 سعودی خریداروں نے شرکت کی جو پاکستان کے کان کنی اور تعمیراتی شعبوں میں سعودی دلچسپی میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ نمائش پاکستانی برآمد کنندگان کو ممکنہ سعودی سرمایہ کاروں اور تجارتی شراکت داروں سے جوڑنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔برآمدات کی تیاری اور ضوابط پر عملدرآمد کو بہتر بنانے کے لئے تجارتی مشن نے مارکیٹ انٹیلی جنس کے تبادلے اور تکنیکی معاونت کے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ جدہ میں 5 فروری کو ہونے والی تین روزہ “میڈ ان پاکستان” نمائش میں پیش کئے گئے 29 مصنوعات کے زمرہ جات کی فہرست 137 پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ شیئر کی گئی تاکہ انہیں سعودی درآمد کنندگان سے جوڑنے میں مدد مل سکے۔

مزید برآں کھیلوں کے سامان، ٹیکسٹائلز اور صنعتی پنکھوں پر نئی مارکیٹ رپورٹس بھی پاکستانی برآمد کنندگان میں تقسیم کی گئی ہیں تاکہ وہ سعودی مارکیٹ میں داخلے کے لئے بہتر حکمت عملی ترتیب دے سکیں۔ایک اہم پیش رفت سعودی معیارات، پیمائش اور معیار تنظیم (SASO) کی تصدیق سے متعلق ورکشاپس اور تکنیکی بریفنگز کے انعقاد کی صورت میں سامنے آئی جن میں پاکستانی برآمد کنندگان کو سعودی قومی معیار پر پورا اترنے کے تقاضوں سے آگاہ کیا گیا جو سعودی مارکیٹ میں داخلے کے لئے ایک بنیادی شرط ہے۔

یہ تمام اقدامات پاکستان کی تجارتی حکمتِ عملی میں ایک نمایاں تبدیلی کو ظاہر کرتے ہیں، جس کے تحت ملک روایتی اجناس پر مبنی برآمدات سے آگے بڑھ کر علم و ٹیکنالوجی پر مبنی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تجارت کی جانب گامزن ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ٹی، معدنیات اور تعمیراتی شعبوں میں یہ تنوع پاکستان کو سعودی عرب کی تیزی سے بدلتی ہوئی معیشت میں وژن 2030 کے تحت ایک مضبوط اور پائیدار مقام دلانے میں مدد دے سکتا ہے۔