انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی :برطانوی ہائی کمشنر

پاکستان میں ٹریول ایڈوائزری نرم کرچکے ہیں ،پی ایس ایل میں 15 برطانوی کھلاڑی پاکستان آئے،نومبر میں پی ایس ایل فائنل کا بھی انتظار ہے: ڈاکٹر کرسچن ٹرنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 ستمبر 2020 11:52

انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی :برطانوی ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2020ء ) برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی۔ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے خواہش ہے انگلش ٹیم پاکستان کا دورہ کرے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے برطانوی کرکٹ ٹیم کے دوہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی یہ ہوتے دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹریول ایڈوائزری نرم کر چکے ہیں ،پی ایس ایل میں 15 برطانوی کھلاڑی پاکستان آئے۔ نومبر میں پی ایس ایل کے فائنل کا بھی انتظار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پراعتماد ہوں کہ انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں کوئی رکاوٹ نہیں اور یہ ہو گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ دورہ پاکستان کی حمایت کر چکے ہیں۔ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کیلئے شاندار ملک ہے، وہاں کرکٹ کھیلنے کو اہم موقع سمجھتا ہوں۔ جوروٹ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے یہ فیصلہ میں نے نہیں بلکہ بورڈ نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہترین فلیٹ پچز ہیں حالیہ کرکٹ کے بعد وہاں کھیلنا اچھا لگے گا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی کسی ٹیم نے 2005ء کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے گزشتہ دنوں اپنے بیان میں کہا تھا کہ انگلینڈ کو پاکستان کا جوابی دورہ لازمی کرنا چاہئے۔