لاہور ہائی کورٹ نے 5 ماہ میں 28ہزار، ضلعی عدالتوں نے 2 لاکھ مقدمات کے فیصلے کیے، چیف جسٹس کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سے خطاب

جمعہ 18 ستمبر 2020 15:11

لاہور ہائی کورٹ نے 5 ماہ میں 28ہزار، ضلعی عدالتوں نے 2 لاکھ مقدمات کے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران کورونا وائرس کے باعث وکلاء کی کمی اور نامساعد حالات کے باوجود لاہور ہائی کورٹ نے 28ہزار اور ضلعی عدالتوں نے 2 لاکھ سے زیادہ مقدموں کے فیصلے کیے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سے خطاب کے دورن کہاکہ اب کام کی رفتار کو بڑھایا جائے لیکن اس سلسلے میں وکلا اور جج صاحبان کا بھرپور تعاون درکار ہے۔

ہم سائلین کے مسائل حل کرنے کے لیے آئے ہیں۔ ملتان میرا ضلع ہے اور سیشن جج ملتان کو ضلع کا بھرپور رزلٹ دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ دیگر اضلاع کو اس کی مثال دی جا سکے۔ جسٹس قاسم خان نے کہاکہ وکلا التوا کی باتیں چھوڑ کر باقاعدگی سے عدالتوں میں حاضری دیں اور مقدمات نمٹانے میں میرا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے پارکنگ اور کچہری میں توسیع کا کام گزشتہ برس شروع کیا تھا۔

عدالتوں کی ری سٹرکچرنگ اور نئی عدالتوں کے قیام میں جگہ کی کمی آڑے آرہی تھی۔ نئے ججوں کی تعیناتی کے لیے عدالتی کمروں کی تعمیر بھی ضروری تھی۔ ہم نے مقدمات نمٹانے کی جو پالیسی بنائی تھی اور یہ فیصلہ کیاتھا کہ اتنے مقدمات کی سماعت ایک عدالت میں ہونی چاہیے۔اس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے بھی ججوں کی تعداد کم تھی اورنئی عدالتوں کے لیے جگہ نہیں تھی لیکن سب کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پنجاب حکومت نے نئی عدالتوںاور پارکنگ کی تعمیر کا گزشتہ روز اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے ہمیں ابتدائی طور پر اپنے محکموں کے دفاتر کو دوسری جگہ منتقل کرکے 6 کنال اراضی کا قبضہ دے دیا اور اسی طرح انہوں نے پولیس لائنز والی جگہ کی فراہمی کے لیے بھی بھرپور تعاون کیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ 20کنال اراضی عدالتوں اور پارکنگ کی تعمیر کے لیے دے دی گئی ہے اس سلسلے میں محکمہ بلڈنگز کو ہدایت کی ہے کہ پارکنگ اور عدالتوں کی عمارتوں کے لیے جلد ازجلد نقشے تجویز کریں تاکہ جلد ازجلد تعمیراتی کام شروع ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ عدلیہ اورا نتظامیہ دراصل ان لوگوں کے لیے آسانیاں پیداکرنا چاہتی ہے جو مقدمات کے سلسلے میں یہاں آتے ہیں۔ قبل ازیں صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان عمران رشید سلہری نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان کو ڈسٹرکٹ بار آمد پر خوش آمدید کہا۔