سگریٹ کی غیرقانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

جمعہ 18 ستمبر 2020 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2020ء) سگریٹ کی غیرقانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ، ایف بی آر کا نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس فروخت کے خلاف بڑا آپریشن ،ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیر اللہ خان کی ہدایات پر سگریٹ کی غیرقانونی تجارت کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن، انلینڈ ریونیو، لاہور نے 16 ستمبر 2020 کو ضلع شیخوپورہ کے مختلف مقامات پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چھاپوں اور تلاشی کے دوران مختلف تیار کنندگان کے مقامی طور پر تیار کئے ہوئے کسان، کلاسک، او کے، ہٹلر وغیرہ نامی مختلف برانڈز کے بغیر ڈیوٹی ادا شدہ سگریٹ کے تین سو (300) کارٹن برآمد کر کے فیڈرل ایکسائز ایکٹ، 2005، کی متعلقہ دفعات کے تحت قبضے میں لے لئے گئے۔ ڈائریکٹوریٹ آف آئی اینڈ آئی آر، لاہور کی جانب سے بغیر ڈیوٹی ادا شدہ مقامی طور پر تیار کئے گئے جعلی سگریٹ کا کاروبار کرنے والوں اور سیلز ٹیکس ایکٹ، 1990 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ، 2005، کے تحت رجسٹریشن کرائے بغیر قابل ٹیکس اشیائ بنانے والے افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں کیونکہ یہ لوگ قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔۔۔۔رضوان عباسی