کوویڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی , بلوچستان کے ہیڈ کوچ اور نائب ٹیم سے دور

ہیڈ کوچ فیصل اقبال ،نائب وسیم حیدر کی 5روزہ قرنطینہ میں مزید 2 مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ ہوگی،بریفنگ کے باوجود دونوں کوچز کا قانون توڑنا افسوسناک :ڈاکٹر ریاض احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 ستمبر 2020 14:32

کوویڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی , بلوچستان کے ہیڈ کوچ اور نائب ٹیم سے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 ستمبر 2020ء ) کوویڈ 19پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے باعث بلوچستان کے کوچز پہلی آزمائش میں ناکام ہو گئے ،ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور انکے نائب وسیم حیدر کی 5 روزہ قرنطینہ میں مزید دو مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ ہو گی،منفی رپورٹس پرہی بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوں گے ،پی سی بی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد نے بریفنگ کے باوجود دونوں کوچز کی جانب سے قانون توڑنے کو افسوسناک قرار دیا ہے تاہم چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے دیگر تمام فرسٹ الیون پلیئرز کلیئر ہو گئے ہیں جو آج سے نیٹ پریکٹس اور ٹریننگ کا آغاز کردیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق 18ستمبر کو دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ سے گزرنیوالے 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون کے تمام کھلاڑی دو منفی رپورٹس کے باعث نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے ملتان میں قائم کردہ بائیو سکیور ببل میں داخلے کے اہل ہو گئے جہاں انہیں باہمی طور پر ملنے جلنے کی آزادی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا،ناردرن ایریاز،وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے پلیئرز اور آفیشلز پہلے ہی ملتان کے رمادا ہوٹل میں موجود تھے جن کو سندھ اور بلوچستان کے کھلاڑیوں نے بھی جوائن کرلیا جن کو آج سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹر میں نیٹ پریکٹس اور ٹریننگ شروع کرنے کا موقع مل جائیگا تاہم بلوچستان کی ٹیم اپنے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور ان کے نائب وسیم حیدر کے بغیر 30 ستمبر سے شروع ہونیوالے ٹی ٹونٹی ایونٹ کی تیاریاں کریگی جنہوں نے ایک ایسے وقت کوویڈ 19پروٹوکولز کو بالائے طاق رکھ دیا جب پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل کے سخت چیلنجز کیلئے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اور اس دوران کئے جانے والے اقدامات کو ’’ٹیسٹ کیس‘‘ کے طور پر دیکھ رہا تھا۔

دونوں کوچز فیصل اقبال اور وسیم حیدر کو کورونا وائرس پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر5روزہ سیلف آئسولیشن کیلئے کنٹری کلب مریدکے میں روک لیا گیا جہاں انکے دو مزید ٹیسٹ ہوں گے اور دونوں مرتبہ منفی نتیجے کے بعد ہی انہیں بائیو سکیور ببل میں داخلے کی اجازت مل سکے گی جبکہ دونوں مرتبہ ٹیسٹنگ کے اخراجات بھی وہ خود ہی برداشت کریں گے ۔پی سی بی کوویڈ 19میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد کا کہنا تھا کہ تمام سکواڈز کو پروٹوکولز سے متعلق تفصیلی بریفنگ کے باوجود فیصل اقبال اور وسیم حیدر کا قوانین کی خلاف ورزی کرنا افسوسناک ہے تاہم پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک سیزن کیلئے پروٹوکولز پر سختی سے عمل کا عزم کر رکھا ہے لہٰذا کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور دونوں کوچز کیخلاف کارروائی بائیو سکیور ببل میں رہنے والے افراد کیلئے واضح پیغام ہے کہ کوویڈ 19پروٹوکولز پر عدم برداشت پالیسی کا اطلاق جاری رہے گا کیونکہ کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے ۔