کوئی کنفیوژن نہیں ، واضح بتایا ہے سکولز کب اور کس طرح کھلیں گے ، مراد راس

ایسا نہیں کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے کورونا کیسز بڑھ گئے ، اگر کہیں کوئی بھی کیس سامنے آئے گا تو ایکشن لیا جائے گا ، وزیر تعلیم پنجاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 ستمبر 2020 11:54

کوئی کنفیوژن نہیں ، واضح بتایا ہے سکولز کب اور کس طرح کھلیں گے ، مراد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ایسا نہیں کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے کورونا کیسز بڑھ گئے ، کوئی کنفیوژن نہیں ، واضح بتایا ہے سکولز کب اور کس طرح کھلیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب نے کہا ہے کہ سکولوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں ان کو دیکھا جا رہا ہے ، اگر کہیں کوئی بھی کیس سامنے آئے گا تو ایکشن لیا جائے گا ۔

 قبل ازیں وزیرتعلیم مراد راس نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کی صحت اہم ہے ، خطرہ نہیں مول سکتے ، جس سکول میں کورونا کیسز ہوں گے ان کو سیل کردیں گے ۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے میڈیا کو بتایا کہ سکولوں میں کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے ، تمام اضلا ع میں کورونا کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ، ننکانہ کے دو سکولوں میں کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے پرسیل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سکولوں میں 4 اساتذہ اور ایک طالب علم میں کورونا وائرس پایا گیا۔ جس پر دونوں سکولوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب کے جس سکول میں بھی کورونا کیس رپورٹ ہوگا اس کو سیل کردیں گے ، کیونکہ اساتذہ اور طلباء کی صحت اہم ہے ، اس لیے خطرہ نہیں مول سکتے ۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگرصورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر کو مڈل کلاسز کو بلا سکتے ہیں۔

28 ستمبر میں ابھی وقت ہے، اس حوالے سے مزید سوچ بچار اور غور کریں گے۔ کسی بچے کو وائرس ہوگیا تو وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ گزشتہ چار روز میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا لیکن وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہورہا۔ کاروباری مراکز میں بھی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ اب بھی اسکولز میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا۔کل بھی اورنگی ٹاؤن میں 4 اسکولز سیل کیے گئے تھے۔ سکولوں اور کالجوں میں 13 ہزار طلباء کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔88 طلباء میں کورونا مثبت آیا ہے۔اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جا رہیں تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں کریں گے ۔