مایوس اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی ہے. عثمان بزدار

قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی. وزیراعلی پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 ستمبر 2020 20:54

مایوس اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی ہے. عثمان بزدار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مایوس اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی ہے انہوں نے یہ بات صوبائی وزرا،اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی کے راہنماﺅں سے ملاقات کے دوران کہی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی.

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بھی صرف نعروں تک محدود رہی، قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی‘ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں منفی کردار قابل مذمت ہے. عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے، ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وسائل کارخ نظر انداز شہروں کی جانب موڑا ہے، سابق دور کی طرح صرف مخصوص شہروں کوترقیاتی فنڈز نہیں دیئے انہوں نے کہاکہ ہر شہر کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے.

واضح رہے کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکومتی جماعت کے اراکین سے ملاقات میں کہا تھا کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتا ہوں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اراکین اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے‘ ‘انہوں نے گفتگو میں کہاتھا کہ اراکین اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پرہوں گے ان کا کہنا تھا کہ جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا.

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہوں ان کا کہنا تھا کہ ہم تشہیر کم اور کام زیادہ کرتے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی سے بات چیت کے دوران ان پر زور دیا کہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں.