وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم سے ملاقات میںگفتگو

بدھ 23 ستمبر 2020 15:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

این پی سی کے صدر شکیل انجم نے وزیر اطلاعات کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ صحافیوں کی تنخواہوں کے مسئلہ کے حل کیلئے نمائندہ صحافتی تنظیمیں بھی اپنا متحر ک کردار ادا کریں اور اپنے ممبر شپ کے طریقہ کار میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتری ورکنگ جرنلسٹس کی حوصلہ افزائی اور میڈیا کارکنان کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کیلئے معاون ثابت ہو گی۔ ملاقات میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد بھی موجود تھیں۔