ْگلگت بلتستان میں توانائی اور معدنیات کے وسیع مواقع موجود ہیں، نگراں وزیر اعلی میر افضل

بدھ 23 ستمبر 2020 17:53

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں توانائی اور معدنیات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ معدنیات اور توانائی کے شعبے پر توجہ دی جائے تو ملک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ میر افضل نے کہا کہ چیئرمین واپڈا کی ذاتی کوششوں سے ملک میں توانائی کے مسائل حل ہورہے ہیں۔

توانائی کے نئے منصوبے تعمیر ہورہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی چیئرمین واپڈا سے خصوصی امیدیں وابستہ ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم کے افتتاح کے بعد عطاء آباد پاور پروجیکٹ کیلئے وسائل کی فراہمی میں چیئرمین واپڈا کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پرائیویٹ سیکٹر اور انڈسٹریز نہیں ہیں لہٰذا دیامر بھاشا ڈیم میں گلگت بلتستان کو ملازمتوں میں خصوصی ترجیح دی جائے۔

حکومت گلگت بلتستان توانائی کے منصوبوں کی تعمیر میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا کہ عطاء آباد پاور پروجیکٹ گزشتہ کئی سالوں سے التواء کا شکار تھا اس منصوبے کی تعمیر کیلئے درکار وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ریجنل گریڈ فیز I کی تعمیر کے بعد اسے مزید وسعت د ی جائے گی اور ریجنل گریڈ سے منسلک کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے موجود توانائی کے منصوبوں سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم کے ملازمتوں میں گلگت بلتستان کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔