صوابی، پاکستان کے شعبہ صحت میں خواتین میڈیکل ماہرین کی بے حد ضرورت ہے، ڈاکٹر شاہانہ عروج

بدھ 23 ستمبر 2020 17:54

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) وومن یونیورسٹی آف صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے شعبہ صحت میں خواتین میڈیکل ماہرین کی بے حد ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ویمن یونیورسٹی صوابی میں الائڈ ہیلتھ سائنسز اور ٹیکنالوجی فیکلٹی کے نوواردان جامعہ کے لئے تعارفی کلاسز کی تقاریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں اطلاقی علوم کی اہمیت و افادیت میں بیحد اضافہ ہوا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ جامعات اپنے ڈگری پروگرامز کو اطلاقی علوم سے مزین کریں۔ ایسے نصاب اور ڈگری پروگرامز کو متعارف کرایا جائے جن کی مارکیٹ میں ضرورت ہو اور اس سے ملکی معیشت کو فرو غ ملے۔ ہم نے ویمن یونیورسٹی صوابی میں الائڈا ہیلتھ سائنسز اور ٹیکنالوجی کی فیکلٹی متعارف کرائی ہے جس میں وہ تمام ڈگری پروگرامز موجود ہیں جن کی موجودہ حالات میں قومی اوربین الاقوامی صحت کے شعبوں میں بے انتہا ضرورت اور افادیت ہے۔

(جاری ہے)

عصر حاضر میں ڈاکٹر کے ساتھ ان میڈیکل پروفیشنلز کی اہمیت زیادہ ہے جو طبی آلات اور طبی تشخیصی عمل کے ماہر ہوں۔ ان تمام ڈگری پروگرامز کے فارغ التحصیل طالبات آگے چل کر اپنے گھروں میں بھی تشخیصی لیب قائم کرکے نہ صرف اپنا کاروبار کرسکتی ہیں بلکہ غریب مریضوں کی مدد کرسکتیں ہیں۔پاکستان کے شعبہ صحت میں خواتین میڈیکل ماہرین کے بے حد ضرورت ہے۔

یہ تمام ڈگری پروگرامز پہلی دفعہ پاکستان کی کسی جامعہ میں شروع کئے گئے ہیں جس کے معاشرے اور ملکی معیشت و صحت کے شعبے میں انتہائی مثبت نتائج برپا ہونگے۔بہترین قوت مدافعت کے لئے صحتمند غذا ناگزیر ہے اور کورونا کے بعد صحتمند غذا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے تاکہ ہماری قوت مدافعت میں اضافہ ہو اور ہم وبائی امراض سے محفوظ رہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ویمن یونیورسٹی صوابی میں الائڈا ہیلتھ سائنسز اور ٹیکنالوجی فیکلٹی کے نوواردان جامعہ کے لئے تعارفی کلاسز کی تقاریب (Orientation) سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

تقاریب میں صدور شعبہ جات نے اپنے شعبے کے طلبہ کو شعبے کا تفصیلی تعارف، کورس کی مارکیٹ میں افادیت اور نصاب پر تفصیلات فراہم کیں اور ان کو کیمپس کا دورہ کرایا۔ تقاریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی تھیں جنھوں نے اس موقع پر تمام نئے آنے والی طالبات کو جامعہ میں خوش آمدید کہا اور اساتذہ کو باوقار تقاریب منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے نفاذ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کریں۔