انسداد پولیو مہم کا تیسرا روز، ضلع ایبٹ آباد میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے گئے

بدھ 23 ستمبر 2020 23:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) ملک بھر کی طرح انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز ضلع ایبٹ آباد کے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ صحت کی ٹیمز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ والدین کو پولیو کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

مہم کے دوران کورونا سے بچاو کے لیے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ روزانہ ڈیوٹی سے پہلے سٹاف کا ٹمپریچر اور کورونا کی علامات کے حوالے سے سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کے بعد ٹیمز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تمام ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو سینیٹائز ضرور کر لیں تا کہ بچوں اور اہل خانہ کوتمام طرح کی انفسیکشن سے بچایا جائے۔

(جاری ہے)

تمام والدین سے گزارش ہے کہ پولیو ٹیمز کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔ جب پولیو ٹیمز آپ کے گھر آئیں تو اپنے 05 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ اگرکسی وجہ سے آپ کا بچہ پولیو کے قطروں سے محروم رہا ہے تو محکمہ صحت ایبٹ آباد کے نمبر یا ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔