جیکب آباد میں تھیلیسیمیا سینٹر کی بندش کیخلاف ورثا کا مریض بچوں کے ہمراہ سول ہسپتال میں احتجاج

جمعرات 24 ستمبر 2020 16:55

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) جیکب آباد میں تھیلیسیمیا سینٹر کی بندش کیخلاف ورثا کا مریض بچوں کے ہمراہ سول ہسپتال میں احتجاج، سندھ حکومت اور محکمہ صحت کیخلاف نعرے بازی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں تھیلیسیمیا سینٹر کی بندش کیخلاف ورثا نے مریض بچوں کے ہمراہ سول اسپتال میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت کیخلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے ورثائ عبدالقیوم، بجار، سنتوش اور دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور محکمہ صحت کے اقدامات عوام دشمن ہیں،تھیلیسیمیا سینٹر کی بندش سے نہ صرف جیکب آباد بلکہ بلوچستان اور پنچاب سے آنے والے چار سو سے زائد مریض علاج سے محروم ہوگئے ہیں، تھیلیسیمیا کے مریضوں سے سہولت چھیننے کی شدید مذمت کرتے ہیں محکمہ صحت مزید سہولت دینے کے بجائے مریضوں کو دی ہوئی سہولیات بھی چھین رہی ہے،علاج نہ ہونے کی وجہ سے جیکب آباد کے محکمہ ریونیو کا ملازم محمد علی کورائی کے دو معصوم بیٹا بیٹی فوت ہوگئے،اس کا ذمے دار محکمہ صحت ہے، کئی بچوں کی طبیعت خراب ہو رہی ہے، اگر ان کا بروقت علاج نہ ہوا تو تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی زندگی خطرے میں پڑ جائے گی، مریضوں کی زندگیوں سے نہ کھیلا جائے، تھیلیسیمیا سینٹر جلد بحال کرکے مریضوں کا علاج شروع کیا جائے،ایم این اے، ایم پی اے، مشیر جیل خانہ جات، پی پی چیئرمین اور چیف جسٹس نوٹس لیں۔