پشاور، عالمی یوم فارماسسٹ کی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 26 ستمبر 2020 15:04

پشاور، عالمی یوم فارماسسٹ کی تقریب کا انعقاد
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) ینگ فارماسسٹس کمیونٹی پاکستان کی جانب سے عالمی یوم فارماسسٹ کی مناسبت سے مرکزی تقریب کا ایف جی ہال شامی روڈ پشاور میں انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے ڈاکٹر وقاص احمد صدر ینگ فارماسسٹ کمیونٹی، تقریب کی مہمان خصوصی ایم پی اے شگفتہ ملک اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ڈی جی ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز جناب سلیم خان، ڈرگ انسپکٹرز، ہسپتال اور انڈسٹریل فارماسسٹس، ڈاکٹر تنظیم وائی ڈی اے ، پی ڈی اے کے عہدیداران، ڈی ایس پی کینٹ عنایت ، پختونخوا فارمسیو ٹیکل مینو فیکچرنگ ایسوسیشن کے صدر مقبول احمد ، یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، شعبہ صحت کے دیگر افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ کسی بھی بیماری کی بہتری کا انحصار ادویات اور اس کے طریقہ استعمال پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

فارماسسٹ ھیلتھ کیئر ٹیم کا بنیادی اور ہم حصہ ہے، ادویات کی تیاری سے لیکر مریض کو دیے جانے تک اور دوران علاج بھی ادویات کے اثرات کو مانیٹر کرنے میں فارماسسٹ کا کردار نہایت اہم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شگفتہ ملک نے کہا کہ ہر سال عالمی یوم فارماسسٹ منانے کا مقصد عوام و خواص میں شعبہ صحت میں فارماسسٹ کے کردار کو اجاگر کرنا ہے، اس وقت ملک میں سالانہ کم و بیش 5000فارماسسٹس ملک کے مختلف جامعات سے فارغ ہورہے ہیں، اس ملک میں بالعموم اور صوبہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص اس اہم پروفیشن کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے، کمزور قوانین کی موجودگی عوام کو معیاری اور سستی ادویات کی ترسیل اور حصول میں رکاوٹ ہے، سرکاری ہسپتالوں میں فارماسسٹ کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جو عدالت عظمی اور وفاقی محتسب کے احکامات کے منافی اور خلاف ورزی ہے، ایک طرف ڈرگ انسپکٹرز کی تعداد انتہائی کم ہے تو دوسری طرف انکے پاس سپورٹنگ سٹاف ہے اور نہ کوئی لاجسٹک سپورٹ، جو معیاری ادویات کی فرہمی میں بڑی رکاوٹ ہے،حکومت کو ان معاملات میں سنجید گی اور خصوصی توجہ دینی چاھیئے تاکہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی میں حائل تمام رکاوٹیں دورہوں، فارماسسٹ کی سکلز سے استفادہ حاصل کرنا چاھیئے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فرہمی یقینی بنائی جا سکے۔