چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے افغانستان کی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله عبدالله کی ملاقات

پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، افغان مسئلہ کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہے۔ صادق سنجرانی

منگل 29 ستمبر 2020 17:19

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے افغانستان کی کونسل برائے قومی مفاہمت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، افغان مسئلہ کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله عبدالله سے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کہا کہ افغانستان میں امن کے اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں اور پاکستان افغانستان میں افغان کی قیادت کے زیر نگرانی امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن کے فروغ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

امن و سلامتی خطہ کی ترقی کے ضامن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان بھائی چارے اور باہمی احترام کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور اقتصادی و سیاسی روابط کے ذریعے اس رشتے کو مزید مربوط کیا جا سکتا ہے، افغانستان پاکستان کیلئے اہم ملک ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر دوطرفہ روابط کو بڑھانے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پاکستان کی سینیٹ اور افغان مشرانو جرگہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے حالات کو سمجھتے ہوئے ہمیں امن و سلامتی و ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی مشترکہ چیلنج ہے جس کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کے استحکام اور پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل ضروری ہے اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی کے ذریعے ان مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں مہمان جب پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر مرزا محمد آفریدی اور سینیٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ افغان رہنما نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں پارلیمانی رہنماؤں، وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔