وزیراعلیٰ پنجاب کا یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ویٹرنری اکیڈمی کا افتتاح کر دیا،پیٹ سینٹر کا دورہ

جانوروں کےعلاج معالجے کیلئے سہولتوں کا جائزہ لیا،پیٹ سینٹر میں موجود خاتون کا بلی کے علاج کی سہولتوں پر اظہاراطمینان × وزیراعلیٰ نے جانوروں کیلئے مخصوص الٹرا سائونڈ سینٹر اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھا، علاج معالجے کے پروسیجر کا مشاہدہ کیا ۱ویٹرنری اکیڈمی پروفیشنلز کی ایڈوانس ایجوکیشن اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرے گی: عثمان بزدار

منگل 29 ستمبر 2020 22:11

وزیراعلیٰ پنجاب کا یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ویٹرنری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ویٹرنری اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ویٹرنری اکیڈمی کا دورہ کیا اور ویٹرنری اکیڈمی کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اکیڈمی کے سٹاف سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سٹاف میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اکیڈمی میں تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پیٹ (Pet) سینٹر کا بھی دورہ کیا اور جانوروں کے علاج معالجے کیلئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پیٹ سینٹر میں خاتون اور اس کے بیٹے سے پالتو بلی کے علاج کے بارے میں دریافت کیا جس پر خاتون نے پیٹ سینٹر میں فراہم کردہ علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جانوروں کیلئے مخصوص الٹرا سائونڈ سینٹر اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھا اور علاج معالجے کے پروسیجر کا مشاہدہ کیا اور ویٹرنری ڈاکٹروں سے اس بارے میں گفتگو کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی تربیتی اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ویٹرنری اکیڈمی کا قیام خوش آئند امر ہے ۔

یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کو ملک بھر میں انفرادی مقام حاصل ہے۔یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کاملک کی 10بڑی جامعات میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔ویٹرنری اکیڈمی، پروفیشنلز کی ایڈوانس ایجوکیشن اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنری یونیورسٹی میںملک بھر سے سٹیک ہولڈرز کوملکی اور غیرملکی ویٹرنری سپیشلسٹ سے ٹریننگ دی جائے گی۔

ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی ٹریننگ سے ویٹرنری پروفیشنلزقومی اہداف کے حصول میں معاون ہوں گے۔ ویٹرنری اکیڈمی، لندن کے رائل ویٹرنری کالج کے اشتراک سے فیکلٹی کو ٹریننگ سر ٹیفکیٹ مہیا کررہی ہے۔اس اکیڈمی میں16 ڈومیسٹک اور لوکل ٹریننگ اور 5 انٹرنیشنل ٹریننگ کااہتمام کیاگیاہے۔ ویٹرنری یونیورسٹی میں 8 آن لائن کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں لائیوسٹاک کے شعبے کو بری طرح نظر انداز کیاگیا۔ تحریک انصاف کی حکومت لائیوسٹاک کے فروغ اور ترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔غربت کے خاتمے او رخوشحالی کے لئے لائیوسٹاک کاشعبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں بھی لائیوسٹاک کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گوشت اور دودھ کی پیداوار کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

محکمہ لائیوسٹاک نے دیہات میں نوجوانوں بالخصوص خواتین کو روزی کمانے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ Disease Free Zoneکا قیام، بیماریوں کے خلاف مدافعت پیداکرنے کے لئے ویکسینیشن، گھریلو مرغ بانی، کٹا پال سکیم لائیوسٹاک کی ترقی اور فروغ کی جانب اہم اقدام ہیں۔ ویٹرنری یونیورسٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے لائیوسٹاک پروڈکشن میں اضافے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویٹرنری اکیڈمی سے ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد ہمارے ویٹرنری سپیشلسٹ پیشہ وارانہ امور کو بہتر طریقے سے سرانجام دیں گے اور ملکی ترقی میں اپنابھرپور کردارادا کریںگے۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

لائیوسٹاک کے شعبہ میں تمام تقرریاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے پائیدار اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد اور سیکرٹری لائیوسٹاک ثاقب ظفر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مشیر وزیراعلیٰ برائے لائیوسٹاک فیصل جبوانہ، پارلیمانی سیکرٹری لائیوسٹاک رانا شہباز احمد اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھی