آذر بائیجان کا آرمینیا کا ایس یو 25 لڑاکا طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ

شہریوں پرحملے نہیں کریں گے ، بلکہ آرمینیا کوجنگی میدان میں جواب دیں گے ، آزربائیجان کے صدر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 اکتوبر 2020 14:14

آذر بائیجان کا آرمینیا کا ایس یو 25 لڑاکا طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ
باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2020ء) آذر بائیجان کا آرمینیا کا ایس یو 25 لڑاکا طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آذربائیجان کےصدرالہام علی یوف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم شہریوں پر حملے نہیں کریں گے ، بلکہ ہماری طرف سے آرمینیا کو جنگی میدان میں جواب دیا جائے گا، آرمینیا کی جانب سے جاری شہریوں پر حملے آذری عوام کا حوصلہ نہیں توڑ سکتے ، جب کہ آذری فوج نے آرمینیا کے قبضے سے فضولی شہر بھی آزاد کروا لیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف آرمینیا کیخلاف جنگ میں آذربائیجان نے بڑی فتح حاصل کر لی، آذری فوج ناگورنو قراباغ کے مزید علاقے آزاد کروانے میں کامیاب ہوگئی ، 90 کی دہائی کے بعد پہلی مرتبہ آذربائیجان کا پلڑہ بھاری ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ناگورنو قراباغ کے حصول کیلئے جاری جنگ مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے ، جہاں ہر گزرتے دن کیساتھ آذربائیجان کی فوج کا پلڑہ بھاری ہو رہا ہے ، آذربائیجان کے صدر نے اپنے ملک کی بڑی فتح کا اعلان کیا ، اس سلسلے میں الہام علییف نے بتایا کہ ان کے ملک کی فوج نے مزید آٹھ دیہات قابض فوج سے آزاد کرالیے ، اس اعلان کے بعد آذری صدر نے نعرہ بلند کیا کہ آذربائیجان افواج زندہ باد، کارا باخ آذربائیجان کا ہے ، جب کہ اس فتح کے علاوہ آذربائیجان کے شہری علاقوں پر حملے کے بعد آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کے علاقوں میں گھس کر عسکری تنصیبات کو نشانہ بھی بنایا ، جن عسکری تنصیبات سے آذربائیجان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا ان تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ، آرمینیا نے بھی آذربائیجان کے حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری نقصان کی تصدیق کی ۔

متعلقہ عنوان :