محکمہ انہار کی ہزاروں ایکٹر اراضی ناجائز قابضین سے واگزار

ہفتہ 17 اکتوبر 2020 17:18

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2020ء) : ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی بڑی کارروائی ،تحصیل علی پور میں ہیڈ پنجند کے پانڈ ایریا سے محکمہ انہار کی 3ہزار 200ایکٹر اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرالی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق 100ایکٹر اراضی پر شجر کاری شروع کردی۔ اس موقع پر شجر کاری کی تقریب منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ساجد ظفر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین، اسسٹنٹ کمشنر علی پور مبین احسن اور ان کی ٹیم کے یہ شاندار کامیابی ہے۔

عرصہ دراز سے اس سرکاری اراضی پرقبضہ گروپ قابض تھا۔ جو اب ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کے تعاون سے واگزار کرالی گئی ہے، کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے کے بعد 100ایکٹر اراضی پر شجر کاری کی جارہی ہے جہاں 30ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ رہنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہے۔

ہم نے اپنے آنے والی نسل کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے تو زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنا ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری وقت کی ضرورت ہے۔اپنے ارد گرد کے ماحول کو خوبصورت بنانے اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہنے کے لئے ہم سب نے مل کر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنا ہے اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو یقینی بنانا ہے تاکہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور کمشنر ڈیرہ غازی خان کی ہدایت کے مطابق ناجائزہ قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ جاری ہے، ضلع میں جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین موجود ہیں ان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اراضی واگزار کرائی جارہی ہے اس سلسلے میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنران کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سید سبطین رضا بخاری، سید مخدوم رضا بخاری، پی ٹی آئی کے رہنمائ اور ٹائیگر فورس کے رضاکار بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ساجد ظفر، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین، اسسٹنٹ کمشنر علی پور مبین احسن،رلیمانی سیکرٹری سید سبطین رضا بخاری، سید مخدوم رضا بخاری، پی ٹی آئی کے رہنمائ اور ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے پودے لگائے۔\378