سعودی عرب میں پارکنگ سے غیر ملکی کی لا ش برآمد

الخبر میں تجارتی مرکز کی پارکنگ اچانک گر پڑی تھی، ملبہ ہٹانے کے دوران بنگلہ دیشی کی لاش برآمد ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 21 اکتوبر 2020 16:10

سعودی عرب میں پارکنگ سے غیر ملکی کی لا ش برآمد
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اکتوبر2020ء) سعودی عرب کے شہر الخبر میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی کی موت واقع ہو گئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق مشرقی ریجن کے شہر الخبر میں ایک تجارتی مرکزکی پارکنگ اچانک منہدم ہوگئی جس کے باعث ایک بنگلہ دیشی جاں بحق ہو گیا ہے۔ امدادی عملے کی جانب سے ملبے کو کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد ہٹایا گیا تو وہاں سے ایک بنگلہ دیشی کارکن کی لاش برآمد ہوئی۔

یہ پارکنگ ایک معروف تجارتی ٹاور کی ہے جو دو روز قبل منہدم ہو گئی تھی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ملبہ اٹھانے کا عمل جاری ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبہ ہٹنے کے بعد مزید زخمی یا جاں بحق افراد کی لاشیں برآمد ہو سکتی ہیں۔ بدنصیب بنگلہ دیشی کی لاش کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی میت کو اس کے آبادئی وطن روانہ کر دیا جائے گا۔

ملبہ پوری طرح ہٹنے کے بعد ہی نقصان کا مجموعی تخمینہ اور متاثرین کی گنتی کے حوالے سے بتایا جا سکے گا۔ محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ یہ کار پارکنگ زمین دھنسنے کے باعث منہدم ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کہ سعودیہ کے جنوبی شہر ابہا کی پہاڑیوں میں کچھ عرصہ قبل بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جب ایک مقامی شہری پہاڑی سے پھسل کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن محمد السید نے بتایا کہ یہ بدنصیب شہری تفریح کی غرض سے سودہ آیا تھا، جب سیر کے دوران اس کا پیر چٹان سے پھسل گیا جس کے بعد وہ گہری کھائی میں جا گرا۔ شہری دفاع کے عملے کی جانب سے متوفی کی لاش کو تلاش کرنے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ گھاٹی میں پہنچنے کے لیے اہلکاروں کو چار کلومیٹر نشیبی علاقے میں انتہائی دُشوار گزار اور پھسلن والے علاقے سے گزرنا پڑا۔

ان اہلکاروں نے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر مرنے والے بدنصیب شخص کی لاش برآمد کر لی تھی۔کیپٹن محمد السید نے لوگوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سیر و تفریح کی غرض سے ضرور جائیں، مگر سیلفی لیتے وقت خطرناک اور پھسلن والے مقامات اور چٹانوں سے پرے رہیں، ایک لمحے کی غفلت پوری انسانی زندگی نگل سکتی ہے۔