امریکی چارج ڈی افیئرز اینجیلا ایگلر وفاقی وزیر سید امین الحق سے ملااقت

وزارت آئی ٹی تعلیمی شعبوں میں ہنرمندوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے، وفاقی وزیر

بدھ 21 اکتوبر 2020 18:58

امریکی چارج ڈی افیئرز اینجیلا ایگلر وفاقی وزیر سید امین الحق سے ملااقت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) امریکی چارج ڈی افیئرز اینجیلا ایگلر نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق سے اہم ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول، کمیونیکیشن نیٹ ورک میں توسیع اور خواتین کے حقوق کیلئے کوشاں ہیں۔ سید امین الحق نے کہاکہ وزارت آئی ٹی تعلیمی شعبوں میں ہنرمندوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک کے دور دروز اور پسماندہ علاقوں تک موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے تیزی سے کام ہورہا۔ انہوںنے کہاکہ امریکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی پارکس ، انکوبیشن سینٹرز کے قیام اور کووڈ صورتحال میں وزارت آئی ٹی کا نمایاں کردار ہے۔

انجیلا ایگلر نے کہاکہ 5 برس میں پاکستان میں نمایاں تبدیلیاں دیکھیں، تعلیم، آئی ٹی سیکٹر، سافٹ ویئرز اور خواتین کے امور پر کام ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزارت آئی ٹی کے منصوبوں میں خواتین کے تناسب میں اضافے پر وفاقی وزیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور امریکی کمپنیوں کے درمیان باہمی روابط کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان دورے کا مقصد مختلف وزارتوں اور شعبوں کے ساتھ امریکی اداروں کے روابط قائم کرنا ہیں۔ اینجیلا ایگلر نے کہاکہ پاکستانی طالب علموں کیلئے امریکی تعلیم اداروں کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ملاقات میں سیکریٹری آئی ٹی شعیب صدیقی، امریکی پریس اتاشی سمیت دیگر حکام شریک تھے ۔