کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق، 304 دیگر متاثر ہوئے، وزیراعلی سندھ

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:02

کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق، 304 دیگر متاثر ہوئے، وزیراعلی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید 4 مریض فوت ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2598 ہوگئی ہے اور 304 نئے کیس سامنے آئے جب 9374 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مثبت کیسز کی تعداد 143،526 ہوگئی۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز وزیراعلی ہاس سے جاری ایک بیان میں کہی۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد اموات کی تعداد 2598 ہوگئی ہے جو 1.8 فیصد شرح اموات ہے۔ وزیراعلی سندھ کے مطابق 9374 ٹیسٹ کئے گئے جن کے نتیجے میں 304 نئے کیسز سامنے آئے جو موجودہ تشخیص کی شرح 3.2 فیصد ہیں۔ اب تک 1581760 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے جن سے 143526 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے ، ان میں سے 95 فیصد یعنی 136518 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 162 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ اس وقت 4410 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 4151 گھر وں میں، آئسولیشن مراکز میں اور 253 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 152 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ان میں سے 18 کو وینٹی لیٹرز پرمنتقل کردیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ 304 نئے کیسوں میں سے 244 افراد کا تعلق کراچی سے ہے ان میں سے ضلع جنوبی 86 ، ضلع شرقی 74 ، ضلع کورنگی 41 ، ضلع وسطی 23 ، ضلع ملیر 10 اور ضلع غربی کے 10 ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں 10 ، شکارپور پانچ ، گھوٹکی اور شہید بینظیر آباد 4-4، ٹھٹھہ ، نوشہروفیروز اور سجاول 3-3، بدین 2، جیکب آباد ، خیرپور ، لاڑکانہ ، مٹیاری ، سکھر اور عمرکوٹ میں ایک ایک کیس ہیں۔