پشاور سانحہ ملک میں بد امنی پھیلانے کی ناکام کوشش ہے ‘ مولانا فضل الرحمان

حکومت ملک میں امن وامان قائم کر نے میں بھی بری طرح ناکام ہوچکی ہے

منگل 27 اکتوبر 2020 15:01

پشاور سانحہ ملک میں بد امنی پھیلانے کی ناکام کوشش ہے ‘ مولانا فضل الرحمان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے پشاور مدرسے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعہ ملک میں بد امنی پھیلانے کی ایک ناکام کوشش ہے ،معصوم جانوں سے کھیلنے والے امن وقوم کے دشمن ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں امن وامان قائم کر نے میں بھی بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،جے یو آئی اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے طلبا ہ کے والدین اور دیگر افراد کے خاندانوں سے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔جے یو ٓئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان ،سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے بھی پشاور مدرسے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے انسانیت اور امن کے دشمن ہیں ،یہ پاکستان دشمن قوتوں کی کارروائی ہے جو پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتے ۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختوانخواہ کی صوبائی حکومت صوبے میں امن قائم کرنے ہرسطح پر ناکام ہوچکی ہے ۔