پی جی ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے حکومت سندھ سے درخواست کردی،افضل زیدی

ہماری پوری کوشش ہے جونیئر ڈاکٹرز کا یہ مسئلہ جلد سے جلد حل ہو تاکہ یہ اپنے کام پر توجہ دے سکیں،میٹروپولیٹن کمشنرکراچی

منگل 27 اکتوبر 2020 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپتالوں میں کام کرنے والے ہاؤس آفیسرز اور پی جی ڈاکٹرز کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کے لئے حکومت سندھ سے درخواست کی ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ جونیئر ڈاکٹرز کا یہ مسئلہ جلد سے جلد حل ہو تاکہ یہ اپنے کام پر توجہ دے سکیں، یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے ہاؤس جاب اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مشیر مالیات آفاق سعید، سینئر ڈائریکٹر فنانس ریاض کھتری اور دیگر افسران بھی موجود تھے، وفد کے اراکین نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ عباسی شہید اسپتال اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں کام کرنے والے ہاؤس جاب اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کئی ماہ سے اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں لہٰذا ان کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے اور انہیں معاشی مشکلات سے نجات دلائی جائے، میٹروپولیٹن کمشنر نے انہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مالی صورتحال ٹھیک نہیں تاہم ملازمین کو تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی اولین ترجیح ہے اور ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ مالیاتی نظام کو بہتر بنایا جائے اور اس سلسلے میں جو بھی اقدام ضروری ہوا کیا جائے گا، انہوں نے مشیر مالیات کو ہدایت کی کہ عباسی شہید اسپتال اور کے ایم ڈی سی میں جونیئر ڈاکٹرز کو تنخواہ اور انکریمنٹ کی عدم ادائیگی کی وجوہات سے آگاہ کریں اور فوری طور پر متعلقہ فنانس افسران سے تفصیلات حاصل کرکے پیش کی جائیں تاکہ ریونیو اور اخراجات کے حوالے سے مکمل صورتحال سامنے آسکے اور اس کی روشنی میں دوررس اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹرز کی مالی مشکلات کا پورا اندازہ ہے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ لوگ مالی مسائل سے آزاد رہ کر اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیں اور اسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کریں تاہم انتظامی معاملات میں مختلف پہلوؤں کو سامنے رکھنا پڑتا ہے لہٰذا اس ضمن میں ہاؤس جاب اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز مطمئن رہیں ان کے مسئلے کا جلد سے جلد حل نکالا جائے گا، میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ ہم شارٹ ٹرم کے بجائے مسائل کا پائیدار حل چاہتے ہیں اور اس کی روشنی میں کے ایم سی تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام انتظامی اور مالی معاملات کو شفاف ہونا چاہئے اور فنڈز کی ایلوکیشن اس طرح ہونی چاہئے کہ جس طرح جس کا جو حق ہے اسے ضرور ملے، انہوں نے مشیر مالیات کو ہدایت کی کہ عباسی شہید اسپتال اور کے ایم ڈی سی کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور تمام تر پیش رفت سے انہیں آگاہ رکھا جائے۔

#

متعلقہ عنوان :