Live Updates

حکومت کا ایاز صادق اور پی ڈی ایم رہنماؤں سے معافی مانگنے کا مطالبہ

ہم چاہیں گےکہ ایازصادق قومی اسمبلی میں معافی مانگیں،ہم سے کم پر راضی نہیں ہوں گے،اگر معافی مانگ لی تو ٹھیک ورنہ قانون اپنا راستہ لے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 اکتوبر 2020 17:46

حکومت کا ایاز صادق اور پی ڈی ایم رہنماؤں سے معافی مانگنے کا مطالبہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے سابق اسپیکرسردار ایاز صادق اور پی ڈی ایم رہنماؤں سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ ایاز صادق قومی اسمبلی میں معافی مانگیں،ہم سے کم پر راضی نہیں ہوں گے، اگر معافی مانگ لی تو ٹھیک ورنہ قانون اپنا راستہ لے گا۔انہوں نے پریس کانفرنس پر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے معاملے میں پاکستان کو کامیابی ملی، وزیراعظم کے فیصلے کو عالمی سطح پر سراہا گیا،ہم ذمہ دار ریاست کی طرح جنگ نہیں چاہتے ، ہم نے کامیابی حاصل کی لیکن یہ اس کو متنازع بنا رہے ہیں۔

ایاز صادق ہوتے کون ہیں جو اس طرح کی باتیں کریں۔کل جو بیان دیا گیا اس واقعے کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا،آج صرف اپوزیشن کے رہنماء کے بیان پر بات کریں گے، باقی ثانوی چیزیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر قوم ان کا حساب لے گی، ہم چاہیں گے کہ ایازصادق قومی اسمبلی میں معافی مانگیں، اورپی ڈی ایم کی لیڈرشپ بھی پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکرپاکستانی عوام سے معافی مانگیں،ہم سے کم پر راضی نہیں ہوں گے،ہمارا ہدف یہ ہے کہ ملکی مفادات سے کھیلنے والا عوام کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایسی تقاریر کی گئیں جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔ قانون آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا، اگر انہوں نے پارلیمنٹ میں معافی مانگ لی تو ٹھیک ہے لیکن اس کے برعکس قانون اپنا راستہ لے گا۔پھر کوئی یہ نہیں کہے گا کہ سیاست ہورہی ہے۔ یہ خود ایکسپوز ہوگئے ہیں۔ حکومتی ترجمان ہونے کے ناطے کہتا ہوں کہ ہم اس بات کو برداشت نہیں کریں گے، ان کومعافی مانگ کر حساب دینا ہوگا۔

میڈیا کو بھی ان کی باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے، کیونکہ یہ جھوٹے لوگ ہیں، اربوں روپے کی کرپشن ہے، سستی زمینیں لے کر کاروبار کیا، پاور کو فائدے کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا کہ سکیورٹی رسک ہے۔ ہم ان لوگوں کو مکمل سکیورٹی دیں گے کیونکہ ان سے پیسا واپس لینا ہے۔ہم نے نوازشریف کو واپس لاکر پیسا واپس لینا ہے۔ نوازشریف لندن میں اربوں روپے لے فلیٹس میں بیٹھے ہیں، نوازشریف کی واپسی سے کوئی چینی سستی نہیں ہوجائے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات