عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دئیے ہیں، بابر اعوان

ہمارے اختیار میں ہوتا تو ہم عافیہ صدیقی کو 24 گھنٹے کے اندر پاکستان لے آتے، سینٹ میں بیان

جمعرات 29 اکتوبر 2020 17:57

عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دئیے ہیں، بابر اعوان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور اور نامور قانون دان سینیٹر بابر اعوان نے سینٹ کو بتایا ہے کہ عافیہ صدیقی اور ایمل کانسی کو امریکا کے حوالے کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی گھر والوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرائی جا رہی۔

سینیٹر مشاق احمد کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سینیٹر بابر اعوان نے ایوان کو بتایا کہ پہلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی رحم کی اپیل دائر کرنے پر تحفظات کر رہی تھیں لیکن اب انہوں نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر نے بتایا کہ اب جیل حکام رحم کی درخواست امریکا کے صدر کو بھیج رہے ہیں، ہمارے اختیار میں ہوتا تو ہم عافیہ صدیقی کو 24 گھنٹے کے اندر پاکستان لے آتے۔

بابر اعوان نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو ای میل تک رسائی حاصل ہے، عافیہ صدیقی اس کے ذریعے اپنے خاندان اور قونصل سے رابطے میں رہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ نے ہمارے سفارت خانے سے کئی مرتبہ ایمبیسی ٹیلی فون پر بات کی ہے لیکن خاندان سے ٹیلی فون پر بات کرنے کا مجھے علم نہیں ہے۔سینیٹر بابر اعوان نے کہا کہ ہوسٹن کے سفارت خانے کے ذمے لگا سکتا ہوں کہ وہ ان کے گھروالوں سے عافیہ صدیقی کا رابطہ کرا دیں۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ عافیہ صدیقی اور ایمل کانسی کو حوالے کرنے والوں کو عدالت لے جایا جا سکتا ہے