آرزو راجہ کیس، سندھ حکومت کا نظرثانی کیلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ

کم عمری میں شادی کے حوالے سے جو قانون سازی کی ہے، اس پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، بلاول بھٹوزرداری

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 14:35

آرزو راجہ کیس، سندھ حکومت کا نظرثانی کیلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) سندھ حکومت نے کم عمری میں شادی کے آرزو راجہ کیس کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کم عمری میں شادی کے آرزو راجہ کیس کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے عدالتوں سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آرزو راجہ کیس میں اگر معزز عدالت کو شبہات ہیں تو انہیں دور کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کے اپنے دائرہ کار میں انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ہم نے کم عمری میں شادی کے حوالے سے جو قانون سازی کی ہے، اس پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔