جشن عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 17:12

جشن عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد
چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) جشن عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا، میلاد چوک میں جاکر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں ہزاروں عاشقان مصطفی نے    شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق انجمن رضائے مصطفی چنیوٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں مرکزی جلوس جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد ہو ا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا، ترکھاناں چوک پہنچا یہاں پر سجادہ نشین حضرت سلطان باہوپیرسلطان فیاض الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 12ربیع الاول کا دن پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے خوشی کا دن ہے کہ آقا دو جہاں دنیا میں تشریف لائے اس ماہ مقدس کی نسبت سے ہمیں اپنے گھروں میں آقا دوجہان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی یاد میں درودوسلام کی محافل سجانی چاہیں اور اپنے دلوں کو عشق رسول سے منور کر لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فرانس کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کفریہ طاقتیں شروع دن سے ہی مسلمانوں کے خلاف سازشوںمیں مصروف ہیں، پاکستانی قوم فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے اور فرانسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔اس موقع پر جماعت اہل سنت کے رہنما صاحبزادہ خواجہ معین الدین نے بھی خطاب کیا۔  جلسہ کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا میلاد چوک میں جا کر اختتام پذیر ہوا مرکزی جلوس کی قیادت انجمن رضائے مصطفی کے رہنماوں مولانا نعیم الدین ، ملک ظہیر الدین بابر ، مولانا مسعود احمد سروری ، پیرزادہ اقبال حسین ، سید عاطف شفیق شاہ، حاجی سکندر حیات گولڑوی نے کی علاوہ ازیں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں سید محمد رضا شاہ کی قیادت میں بھی سالارہ روڈ سے ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا واپس آستانہ عالیہ لکھیوال شریف اختتام پذیر ہوا، جبکہ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بھی جشن ولادت باسعاد ت کا مرکزی جلوس محمد اعظم عطار ی اوردیگر علما کرام کی قیادت میں فیضان مدینہ سے نکالا گیا جلوس میں سینکڑوں عاشقان نے شرکت کی اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے۔