وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

پلوامہ حملے سے متعلق بیان پر ایڈووکیٹ روحیل اصغر نے لاہور کے سول لائن تھانے میں وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 3 نومبر 2020 18:42

وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 03 نومبر2020ء) وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی ۔ ’’انڈیپینڈنٹ اردو‘‘ نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے قومی اسمبلی میں پلوامہ حملے سے متعلق بیان کو بنیاد بناتے ہوئے ایڈووکیٹ روحیل اصغر نے لاہور کے تھانہ سول لائنز میں ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے پلوامہ حملے کے متعلق پاکستان کے مؤقف کیخلاف بیان دیا ہے، جس سے بھارت نے اور بھارتی وزیراعظم نے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاتھا کہ سردار ایاز صادق کو ریاست کی ایک سرگرمی میں عزت دی گئی، اس میں شامل کیا گیا، لیکن آپ اسمبلی کے فلور کے اوپر باتیں کررہے ہیں، پھر جھوٹ اتنے سے بولتے ہیں کہ جھوٹا شخص بھی کیا بات کرے گا؟ ایاز صادق نے ایوان میں بات کی شاہ محمود قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں کہ ہندوستان حملہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ہم نے تو ہندوستان کو گھس کے مارا ہے، پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ کے واقعے کے بعد جس طریقے سے ہم نے گھس کر ہندوستان کو مارا۔ جس طریقے پاکستان کے شاہینوں نے گھس کر مارا، ہندوستان کی پٹائی کی، اس پر ہندوستان کا اپنا میڈیا شرمندہ ہے۔ آپ کہتے ہیں کہ ہماری ٹانگیں کانپ رہی تھیں؟ کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ یہ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ہم ہیں تاہم کئی دفعہ نادانی میں بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پر تنقید ضرور کریں مگرریاست کو نشانہ نہ بنائیں، نوازشریف کا مسئلہ 8 کیس ہیں اور کیس حل ہو جائیں تو فوج بھی ٹھیک اور عمران خان بھی بہترین وزیراعظم بن جائیں گے۔ وفاقی وزیر کے اس بیان کو بھارتی میڈیا نے خوب اچھالا اور بھارتی وزیراعظم نے بھی اپنے بیان میں فواد چوہدری کے بیان کا حوالہ دیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے اس بیان کو بھارت پاکستان کیخلاف ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پیش کر سکتا ہے، جس سے پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات کم ہونے کا خدشہ ہے ۔