کرونا وائرس کی دوسری لہر سے اراکین پارلیمنٹ خوف کا شکار ہوگئے

’’میرے 5 دوستوں کو کورونا ہو گیا ہے، آپ سب بھی احتیاط کریں‘‘، خواجہ آصف سمیت کئی اراکین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس چھوڑ کر چلے گئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 18 نومبر 2020 20:25

کرونا وائرس کی دوسری لہر سے اراکین پارلیمنٹ خوف کا شکار  ہوگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 18 نومبر2020ء ) کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہوتی جا رہی ہے اور اس صورتحال میں کورونا وائرس پھیلنے کے خوف سے اسمبلی اراکین بھی پریشان ہو گئے ہیں، اور اجلاسوں میں شرکت کرنے سے بھی گھبرا رہے ہیں، آج ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس سے خواجہ آصف سمیت کئی ارکان اُٹھ کر چلے گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا تنویر حسین کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں کئی اراکین اسمبلی دوران اجلاس ہی اٹھ کر چلے گئے ۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ میرے 5 دوستوں کو ایک ساتھ کورونا ہوگیا ہے آپ لوگ بھی احتیاط کریں۔ یہ کہہ کر خواجہ آصف اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔ ان کے جانے کے بعد پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان اور حنا ربانی کھر بھی اجلاس سےاٹھ گئیں جب کہ نورعالم خان نے بھی کمیٹی روم میں زیادہ لوگوں کی موجودگی پر اعتراض اٹھایا۔

(جاری ہے)

اراکین کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد رانا تنویر حسین نے پی اے سی اجلاس کو جلدی ختم کردیا ۔

ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد قومی اسمبلی کا 20 نومبر سے شروع ہونے والا اجلاس نہ بلانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ سے شیڈول اجلاس اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔20 نومبر سے شروع ہونے والا اجلاس نہ بلانےکا فیصلہ کیا گیا ہے یہ اجلاس2 ہفتے تک جاری رہنا تھا ۔ کورونا کی دوسری لہر کی شدت کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔