Live Updates

مریم نواز نے دادی کی وفات کی اطلاع نہ ملنے کا الزام حکومت پر لگا دیا

حکومت اتنی بے حس ہو چکی ہے کہ انہوں نے یہ خیال بھی نہ کیا کہ سیکیورٹی پر معمور کسی شخص کو ہی حکم دے دیتے جو مجھے اطلاع کردیتا، مریم نواز

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 23 نومبر 2020 20:39

مریم نواز نے دادی کی وفات کی اطلاع نہ ملنے کا الزام حکومت پر لگا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 23 نومبر 2020ء) مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے دادی کے انتقال کی خبر بروقت نہیں مل سکی ۔ نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں جیمر لگے ہونے کی وجہ سے دادی کے انتقال کی خبر نہیں ملی, حکومت اتنی بے حس ہو چکی ہے کہ انہوں نے یہ خیال بھی نہ کیا کہ سیکیورٹی پر معمور کسی شخص کو ہی حکم دے دیتے جو مجھے اطلاع کردیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزراء مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں لیکن ان سے پوچھا جائے کہ کیا پشاور جلسے کی جگہ پر جیمر نہیں لگے ہوئے تھے ۔ مجھے دادی کی وفات کی اطلاع پرویز رشید نے دی۔ کہیں سے مریم اورنگزیب کو اطلاع ملی اور انہوں نے پرویز رشید کو بتایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دادی کے انتقال کی خبر دو گھنٹے بعد ملی،خاندان کی پہلی لڑکی ہونے کی وجہ سے دادا دادی کی لاڈلی تھی، دادی سے انتہائی قربت تھی، ان کی وفات کا گہرا صدمہ ہوا ہے ۔

ان کے اس بیان پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ان کو اطلاع دینے والے شخص نے کہا کہ واٹس ایپ پر مجھے خبر ملی، اس وقت پی ڈی ایم کا جلسہ لائیو چل رہا تھا، اگر وہاں انٹرنیٹ تھا تو ان کے پاس کیوں خبر دیر سے پہنچی ؟۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ’’ میرے والد اور گھر والے بار بار رابطے کی کوشش کرتے رہے مگر رابطہ نہ ہو سکا،کسی حکومتی شخص میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔ میں نے میاں صاحب کو درخواست کی ہے کہ بالکل واپس نہ آئیں،یہ ظالم اور انتقام میں اندھے لوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں‘‘۔ 
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات