ایف پی سی سی آئی سے مفاد پرست ٹولے کو گھر بھیجنے کا مشن شروع ہوگیا ہے،ایس ایم منیر

ہم نے فیڈریشن الیکشن کیلئے مربوط حمکت عملی تیار کرلی ہے اوریو بی جی کے تمام امیدوارکامیاب ہونگے ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک گروپ کی جان ہیں،انکی سربراہی میںفیڈریشن کا وقار بلندکیا،سرپرست اعلیٰ یو بی جی

منگل 24 نومبر 2020 18:44

ایف پی سی سی آئی سے مفاد پرست ٹولے کو گھر بھیجنے کا مشن شروع ہوگیا ہے،ایس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے 30دسمبر 2020کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی انتخابات کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے جبکہ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک نے پاکستان بھر میں50سے زائد نوجوانوں کی ٹیمیں تیارکرکے انہیں اہم فرائض سونپ دیئے ہیں۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی کی قیادت نے ایک بار پھر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مفاد پرستوں کا صفایا کرنے کے مشن کا آغاز کردیا ہے اور اس مشن میں ہمارے ساتھ پاکستان کی80فیصد سے زائد کاروباری برادری کے نمائندے شریک ہیں،30دسمبر کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار شیخ خالدتواب ،سینئرنائب صدر کے امیدوار عبدالرئوف مختار اور تمام نائب صدورکے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر فیڈریشن کے وسائل کو ہڑپنے والوں کو انکے گھر روانہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کی طرف سے فیڈریشن الیکشن کیلئے اہل شخصیات کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، یو بی جی کی تمام قیادت اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ گروپ نے تاجر برادری کے مسائل حل کرکے ملک کی 80 فیصدسے زائد تاجر برادری کا اعتماد حاصل کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہمارے گروپ چیئرمین افتخار علی ملک یو بی جی کی جان ہیں اور انکی سربراہی میںہم نی5سال فیڈریشن کا نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی سطح پر وقار بلند کیا مگر موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل نے فیڈریشن کوپستی کی جانب دھکیل دیا ہے اور اب بزنس مین پینل ٹکڑوں میں بٹ چکا ہے اور انہیں امیدوار بھی دستیاب نہیں ہیں۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ پچھلے سال ہمارا گروپ بلوچستان کے جعلی ووٹوں اور کئی دیگر وجوہات کے سبب ہار گیا تھا مگر اب پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی ایک بار پھر یو بی جی کے جھنڈے تلے یکجا ہوچکی ہے، یو بی جی کے نامزد امیدوار ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اور تاجر برادری کے مسائل حل کریں گے،انہوں نے کہا کہ سال2021 کاروباری برادری کیلئے بے حد اہم ہے کیونکہ مخالف گروپ رواں سال کے دوران تاجراور صنعتکاروں کے مسائل نہیں کراسکا جس سے بزنس کمیونٹی فیڈریشن کی موجودہ قیادت سے بری طرح سے مایوس ہوئی ہے لیکن یو بی جی کی قیادت خدمت کو جاری رکھتے ہوئے ایف پی سی سی آئی میںتاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا تاکہ حکومت اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو کم سے کم کیا جاسکے۔