ترکی نے مقامی طور پر ویکسین تیار کرلی، ویکسین کی دستیابی کی تاریخ بھی دے دی گئی

ترکی نے مقامی طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی جو اپریل 2021 میں دستیاب ہوگی، ترک صدر رجب طیب اردوان کا اعلان

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 26 نومبر 2020 00:24

ترکی نے مقامی طور پر ویکسین تیار کرلی، ویکسین کی دستیابی کی تاریخ بھی ..
انقرہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 نومبر 2020ء) ترکی کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین بنا لینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی نے مقامی طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی جو اپریل 2021 میں دستیاب ہوگی۔ حکومتی پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے خوش خبری سنائی کہ ترکی نے مقامی طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ویکسین کے ٹرائلز حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، دوا ساز کمپنی نے ویکسین کی خوراکیں بڑے پیمانے پر تیار کرنا شروع کردیں، آئندہ برس اپریل میں ویکسین مقامی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا ویکسین کے حوالے سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا انتہائی خود غرضانہ فعل ہے، ویکسین دنیا بھر کے تمام انسانوں کو ایک ساتھ ہی دستیاب ہونی چاہیے، یہی انسانیت ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ترک صدر نے رواں سال جون میں کرونا ویکسین تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترکی مقامی سطح پر ایسی ویکسین تیار کرے گا جس سے مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ’کوویڈ 19 کا علاج کرنے والی دوا کا ٹرائلز ہوگا اور پھر رجسٹریشن کا عمل مکمل کر کے اسے مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا‘۔ یاد رہے کہ ترکی نے چین میں تیار ہونے والی ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ترکی کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ترکی چینی کمپنی سے رواں برس کے اختتام تک ایک کروڑ سے زائد کرونا ویکسین خریدے گا جبکہ ہم کرونا ویکسین کے ٹیکے کا دعویٰ کرنے والی کمپنی فائزر سے بھی معاہدے کی کوشش کررہے ہیں۔