اسرائیل کے وزیر اعظم کا یو اے ای کے نیشنل ڈے پر امارات کا پہلا دورہ کرنے کابھرپور امکان

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنجمن نیتن یاہو اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات کا پہلی بار سرکاری دورہ کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 نومبر 2020 16:31

اسرائیل کے وزیر اعظم کا یو اے ای کے نیشنل ڈے پر امارات کا پہلا دورہ کرنے ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 نومبر2020ء ) اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات کے دورے کابھرپورامکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے یہ دورہ یو اے ای کے نیشنل ڈے (یومِ وطنی) کی تعطیلات کے دوران کیا جا سکتا ہے۔ جسے اسرائیلی میڈیا کی جانب سے ایک تاریخی دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اماراتی اخبارLovin Dubai کے مطابق نیتن یاہو نے دسمبر 2020ء کے پہلے ہفتے کے دوران متحدہ عرب امارات اور بحرین کے پہلے دورے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ چونکہ نیتن یاہو امارات کے پہلے دورے کو تاریخ ساز بنانا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے ابھی تک کسی اسرائیلی وزیر کو امارات کے دورے کی اجازت نہیں دی ہے۔ وہ اپنے دورے سے یہ شروعات کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

71 سالہ اسرائیلی وزیر اعظم کے اس ممکنہ دورے میں اب چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔

چند روز قبل ہی اسرائیلی کابینہ نے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے اسرائیل آنے کے لیے ویزہ لگوانے کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔ اماراتی شہری بغیر ویزہ کے 90 روز تک اسرائیل میں قیام کر سکیں گے۔ اسرائیل کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار کسی عرب ملک کے باشندوں کو ویزہ سے متعلق یہ بڑی رعایت دی گئی ہے۔ اسرائیلی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اماراتی باشندوں کے لیے اسرائیل آمد پر ویزہ سے استثنیٰ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسرائیلی صدر یوون رِولین کو بھی یو اے ای کے سرکاری دورے کی دعوت دی ہے۔ چند روز قبل شیخ محمد بن زاید کو اسرائیلی صدر رولین کا خصوصی پیغام ملا تھا جس میں اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات کو مزید بڑواھا دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی گئی تھی۔ اس خصوصی پیغام میں اسرائیلی صدر نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی امن معاہدے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ معاہدہ ابراہیم سے اسرائیل اورمتحدہ عرب امارات کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔

اس پیغام کے جواب میں شیخ محمد بن زاید نے اسرائیلی صدر رِولین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں امارات کے دورے کی دعوت دی تھی، جو انہوں نے قبول کر لی۔