کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے

26 نومبر سے 24 دسمبر تک تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدرسے بند رہیں گے ، آن لائن کلاسز ہونگی

جمعرات 26 نومبر 2020 16:44

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں جمعرات سے تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔گزشتہ دنوں وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم کے اعلان کے تحت جمعرات 26نومبر سے 24 دسمبر تک تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدرسے بند رہیں گے اور وہاں آن لائن کلاس ہوں گی تاہم ایسے اسکول اور تعلیمی ادارے جہاں آن لائن کلاسز کے انتظامات نہیں وہاں بچوں کو ہوم ورک دیا جائے گا،اس کے علاوہ دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

وزرائے تعلیم کے فیصلے کے مطابق 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی اور جنوری کے پہلے ہفتے میں صورتحال کا جائزہ لے کر 11 جنوری سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا،دوسری جانب بلوچستان کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے۔